دانیال عزیز نے توہین عدالت کیس میں شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کے لیے مزید مہلت مانگ لی

وفاقی و زیر کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا

جمعرات 22 فروری 2018 22:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 22 فروری 2018ء) وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز نے توہین عدالت کیس میں شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کے لیے مزید مہلت مانگ لی ہے ، جبکہ دانیال عزیز کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج (جمعہ ) کو جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا ، گزشتہ سماعت پر عدالت نے دانیال عزیزکو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جمعہ تک جواب جمع کرانے کی مہلت دی تھی ،جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں دانیال عزیز کی جانب سے ایک متفرق درخواست دائر کی گئی ہے جس میں عدالت سے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دینے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ جن تقاریر پر نوٹس جاری کیا گیا وہ مواد فراہم کیا جائے عدالت کو نیک نیتی سے مطمئن کرنے کے لیے مواد کی فراہمی ضروری ہے ،نجی ٹی وی کی بارہ اور پندرہ دسمبر کی ویڈیو ریکارڈنگ فراہم کی جائیں ،پی آئی ڈی میں آٹھ دسمبر کو کی گئی تقریر کی بھی ریکارڈنگ فراہم کی جائے ، متفرق درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ یہ مواد فراہم کرنے کے بعد ہی عدالت کو شوکاز نوٹس کا مفصل جواب دینے کے قابل ہوسکتا ہوں ۔

(جاری ہے)

یا در ہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے دو فروری کو دانیال عزیز کی عدلیہ مخالف تقاریر پر ازخو نوٹس لیتے ہوئے کیس سات ستمبر کو جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا تھا جس پر دانیال عزیز عدالت میں پیش ہوکر وکیل کرنے کی مہلت طلب کی تھی عدالت نے دانیال عزیز کوو کیل کرنے کے لیے دس روز کی مہلت دیتے ہوئے کیس ملتوی کردیا تھا ، دانیال عزیز اپنے وکیل کے ہمراہ جب گزشتہ سماعت پر پیش ہوئے تو عدالت نے انہیں توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جمعہ تک جواب طلب کیا تھا جبکہ عدالت کی جانب سے اٹارنی جنرل کو بھی کیس میں استغاثہ مقرر کیا گیا تھا، جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ آج دانیال عزیز کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کرے گا ۔