جنوبی پنجاب کی تین شوگرملوں کو کھولنے کی اجازت،اکائونٹس کی تفصیلات عدالت کو فراہم کی جائیں،کسانوں کاکسی بھی صورت میں نقصان نہیں ہونا چاہیے،سپریم کورٹ

بدھ 21 فروری 2018 23:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 21 فروری 2018ء) سپریم کورٹ نے جنوبی پنجاب کی شوگرملوں کی بند ش کے باعث کاشتکاروں کے مسائل اورگنے کی قیمت کے حوالے سے کیس میں تین شوگرملوں کو کھولنے کی اجازت دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اجازت حاصل کرنے والی ملز اپنے اکائونٹس کی تفصیلات عدالت کو فراہم کریں،کسانوں کاکسی بھی صورت میں نقصان نہیں ہونا چاہئے۔

بدھ کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر شوگرملز کے وکیل اعتراز حسن نے پیش ہوکرعدالت کویقین دلایا کہ ہم گنے کی کرشنگ اپریل کے بعد بھی کرتے رہیں گے اورکسانوں کاساراگنا اٹھا یا جائے گا جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ اگرآپ یقین دلاتے ہیںکہ اگر شوگوملز کمشنر کے مختص کردہ پوائنٹ سے گنااٹھائیں گی ،کسان کی ٹرالی جتنے دن شوگرمل کے باہرکھڑی رہے گی خرچہ شوگرمل برداشت کرے گی تویہ اچھی بات ہے ، فاضل وکیل نے کہا کہ گنے کاوزن شوگرمل کے اندر ہی ہوسکتاہے، جنوبی پنجاب میں وزن کرنے والے کانٹے نہیں دیئے گئے ہیں جس کا ریٹ آئے گا اس سے گناخریداجائے گا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ جب شوگرملوں نے مقررہ مقامات سے گنا خریدنے اور رقم ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے توہم ان معاملات میں ہتھوڑے کاسہارا نہیں لے سکتے ۔ شوگرملوں نے کسان کے ساتھ قابل عمل حل نکالنا ہے تاکہ کسانوں کے مسائل حل ہوں، مسئلہ یہ ہے کہ پورے صوبے میں کوئی مل رقم نہیں دے رہی، شوگر مل والے یہ بتائیں کہ وہ کیاریٹ دیں گے، کسانوں کے وکیل نے کہا کہ ہمیں 160روپے ریٹ دے دیں، پک اپ پوائنٹ سے گناخریدیں توہم راضی ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے حسیب وقاص، چوہدی شوگر مل اور تفاق شوگر مل کھولنے کی اجازت دیدی اور ان سے ایک ما ہ میں اکائونٹس کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :