عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کا پیسہ چرا کر اپنی بہن کے ذریعے دبئی میں 70 ارب روپے کی پراپرٹی بنائی ہے، عابد شیر علی

لودھراں کے انتخاب میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر کا ایک پر ٹوٹا ہے لیکن 2018ء کے انتخابات میں عمران خان، زرداری کا صفایا ہو جائے گا پرویز مشرف اور زرداری کے پھیلائے ہوئے اندھیروں اور کراچی سمیت ملک میں دہشت گردی کو نوازشریف نے ہی ختم کیا ہے، میڈیا سے گفتگو

بدھ 21 فروری 2018 22:19

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 21 فروری 2018ء)وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے الزام لگایا ہے کہ عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کا زکواة فطرے اور عطیات کا پیسہ چرا کر اپنی بہن علیمہ خان کے ذریعے دبئی میں 70 ارب روپے کی پراپرٹی بنائی ہے نیب کیوں اس پر خاموش ہے، لودھراں کے انتخاب میں عمران خان کے ہیلی کاپٹر کا ایک پر ٹوٹا ہے لیکن 2018ء کے انتخابات میں عمران خان، زرداری کا صفایا ہو جائے گا، نوازشریف ہمارے قائد ہیں اور وہ ملک میں ترقی کی علامت ہیں، پرویز مشرف اور زرداری کے پھیلائے ہوئے اندھیروں اور کراچی سمیت ملک میں دہشت گردی کو نوازشریف نے ہی ختم کیا ہے۔

وہ میڈیا سے گفتگو اور حیدرآباد بائی پاس پر 654.17 ملین روپے کی لاگت سے نئے تعمیر کئے گئے گرڈ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر حیسکو کے چیف ایگزیکٹیو افسر رحم علی اوٹھو، جنرل منیجر ایچ آر طارق مجید، ہائیڈرو ورکرز یونین کے مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر وزیر مملکت نے حیسکو کے ملازمین کے لئے بونس کا بھی اعلان کیا، انہوں نے بتایا کہ وہ 6 مارچ کو دوبارہ حیدرآباد آ کر جائزہ لیں گے کہ صارفین کے مسائل حل کرنے کے لئے انہوں نے آج جو احکامات جاری کئے ہیں ان پر کتنا عمل ہوا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ حیسکو میں نئی ٹرانسمشن لائنیں بچھانے، گرڈ اسٹیشن قائم کرنے، اے بی سی کیبل بچھانے، موبائل میٹرنگ سسٹم لگانے سمیت بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے، چوری اور لاسز کو ختم کرنے کے لئے اربوں روپے خرچ کئے ہیں، انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ نے ملک میں پرویز مشرف اور آصف علی زرداری کے پھیلائے ہوئے اندھیرے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور گذشتہ تین سال سے اب صنعتی علاقوں میں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہے جبکہ بلوں کی وصولی کے حوالے سے قائم کی گئی کیٹیگریز کے مطابق پورے ملک میں ہزاروں فیڈر لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے، حیسکو میں بھی 156 فیڈرز پر لوڈشیڈنگ مکمل ختم کر دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت میں لطیف آباد پھلیلی قاسم آباد حالی روڈ سمیت حیدرآباد کے غریب شہریوں کی ترجمانی کر رہا ہوں میں نے آج دیکھا ہے کہ ایک غریب ماں کی آنکھوں میں آنسو تھے جسے ایک کمرے کے مکان پر ساڑھے چار لاکھ روپے کا بل بھیجا گیا تھا اس کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اووربلنگ چوری میں ملوث تمام افسران اور اہلکاروں کے خلاف سختی سے کاروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ مجھے اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہی کرنی ہے اس لئے ملازمین بھی اللہ تعالیٰ کو حاضرناظر جان کر عہد کریں کہ وہ کرپشن اور دو نمبر کام نہیں کریں گے جس پر سب نے تائید کی، عابد شیر علی نے کہا کہ گذشتہ 70 سال میں 13 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی تھی اور نوازشریف کے 5 سال میں 15 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی گئی ہے، چاروں صوبوں آزاد کشمیر گلگت بلتستان میں اندھیرے ختم کئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف اور پھر آصف زرداری کی حکومت میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی گئی اور اس کا بوجھ ہماری حکومت کے کندھوں پر آیا، 965 میگاواٹ کا نیلم جہلم ہائیڈرل پروجیکٹ جو 8 سال میں 275 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونا تھا وہ ان کے ڈاکے کی وجہ سے تعطل کا شکار رہا اور ہماری حکومت میں 480 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوا، انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے سندھ کو تباہ و برباد کر دیا ہے، نندی پور پروجیکٹ بھی ان کی بڑے پیمانے پر کرپشن اور نااہلی کے سبب طویل عرصہ تک مکمل نہیں ہوا اور وہ بھی ہم نے مکمل کیا ہے، اس میں بابر اعوان نے بھی 6 کروڑ روپے جیب میں ڈالے تھے نیب اسے کیوں ہتھکڑی نہیں لگاتا، انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے سوئیزرلینڈ کے اکائونٹ میں اپنے اربوں روپے بچانے کے لئے اپنے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو قربان کر دیا یہ سرے محل سوئیزرلینڈ کے اکائونٹ نوازشریف کے نہیں تھے نوازشریف کے خلاف اگر جے آئی ٹی اور نیب کو ثبوت ملتے تو 8 ماہ پہلے ہی ہمارا خاتمہ ہو چکا ہوتا، ہم تو کہتے ہیں کہ کرپٹ لوگوں کو لٹکائو لیکن بلاجواز کاروائیاں بند کی جائیں، انہوں نے کہا کہ صادق اورامین عمران خان نے پیرنی سے عدت کے دوران شادی کی یہ اب ثابت ہو گیا ہے اس لئے میں علماء کرام سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ فتویٰ دیں کہ اس نے اللہ کے قانون کو چیلنج کیا ہے اس کو کیا سزا ملنی چاہیے میرے خیال میں تو اسے کوڑے لگنے چاہئیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شوکت خانم ہسپتال کے لئے جمع کی گئی زکواة فطرے اور بیرونی عطیات کی رقم میں اپنی بہن علیمہ خان کے ذریعے کرپشن کی اور دبئی میں جائیدادیں بنائیں ورنہ اتنی بھاری رقم علیمہ خان کے پاس کہاں سے آئی نیب لاڈلے کے خلاف کاروائی کے سلسلے میں کیوں خاموش ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کا باپ بھی چوربیوروکریٹ تھا ذوالفقار علی بھٹو نے اسے کرپشن میں برطرف کیا تھا، انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا عیار اور عیاش عمران خان سے کوئی مقابلہ نہیں کیا جا سکتا نوازشریف کا نام ملک میں ترقی کی علامت ہے اگر نوازشریف کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرکے کاروائی کی جائے گی تو لودھراں جیسا حشر ہو گا جہاں عمران خان کے ہیلی کاپٹر کا ایک پر ٹوٹ گیا ہے، نیب کہاں ہے وہ عمران خان سے کے پی کے حکومت کا ہیلی کاپٹر گدھاگاڑی کی طرح استعمال کرنے کا کیوں حساب نہیں لے رہی،انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف تو جے آئی ٹی بنی اور پانامہ کی بجائے اقامہ کا الزام لگا کر وزیراعظم نوازشریف کو ہٹا دیا گیا لیکن عذیر بلوچ کی جے آئی ٹی میں انکشافات کے مطابق آصف زرداری کے ہاتھ بیگناہوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور اربوں کی کرپشن کی ہے اس کے خلاف کاروائی کب ہو گی، انہوں نے کہا کہ میں کلمہ پڑھ کر کہتا ہوں اور فیصل آباد کے ٹیکسٹائل مالکان سے بھی تصدیق کی جا سکتی ہے کہ ڈاکٹر عاصم کروڑوں روپے لے کر گیس کے کنکشن دیتا تھا اور اس نے کھربوں روپے کی کرپشن کی، شرجیل میمن کا کیا کاروبار تھا کہ صرف اس کے بیڈ کے نیچے سے 5 ارب روپے کی نقد رقم برآمد ہوئی اور ان سب کی سرغنہ فریال تالپور کے بارے میں نیب کیوں خاموش ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ کے غریب ہاریوں کسانوں مزدوروں کو زرداری نے بڑے پیمانے پر لوٹا ہیں ان پر ظلم کیا ہے اس لئے 2018ء کے انتخابات میں سندھ کے عوام کو ان سے چھٹکارا حاصل کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں آئین قانون کی بالادستی چاہتے ہیں ، نوازشریف ہمارے قائد ہیں ہمارا مرنا جینا ان کے ساتھ ہے جو کھیل شروع کیا گیا ہے وہ اب ختم ہونے والا نہیں 22 کروڑ عوام مقابلہ کریں گے۔