نواز شریف سے شہباز شریف کی اہم ملاقات ،سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئندہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا

قیادت کی سینئر رہنمائوں سے بھی مشاورت، آج پنجاب ہائوس میں منعقدہ اجلاس میں پارٹی صدارت کا معاملہ دیکھا جائیگا‘ذرائع

بدھ 21 فروری 2018 22:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 21 فروری 2018ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جاتی امراء رائے ونڈ میں ملاقات کر کے سپریم کورٹ کے فیصلے اور آئندہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ،قیادت اورسینئر رہنمائوں کے درمیان بھی عدلیہ کے فیصلے پر مشاورت ہوئی ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے نا اہل قرار دئیے جانے کا فیصلہ آنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف جاتی امراء پہنچ گئے ۔

اس موقع پر عدلیہ کے فیصلے اور اس کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی ۔ بتایا گیا ہے کہ نواز شریف آج جمعرات اسلام آباد میں نیب عدالت میں پیشی کے بعد پنجاب ہائوس جائیں گے جہاں پارٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں (ن) لیگ کی صدارت کے حوالے سے معاملہ زیر بحث آئے گا ۔ذرائع کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد (ن) لیگ کی قیادت اور سینئر رہنمائوں کے بھی مشاورت ہوئی ۔