نواز شریف پارٹی صدارت کیلئے نااہل، ن لیگ کا سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی اپیل دائر کرنے پر غور

بدھ 21 فروری 2018 22:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 21 فروری 2018ء) نواز شریف کو پارٹی صدارت کیلئے نااہل قرار دیے جانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف ن لیگ نے نظر ثانی اپیل دائر کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے بدھ کے روز انتخابی اصلاحات ایکٹ کیس سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مسلم لیگ ن کی صدارت کے عہدے کیلئے بھی نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے نواز شریف کو فوری پارٹی صدارت سے ہٹاتے ہوئے ان کی جانب سے بطور صدر کیے گئے تمام فیصلوں کو کالعدم قرار دینے کا حکم دیا۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے نواز شریف سے ن لیگ کی صدارت کا عہدہ واپس لے لیا ہے۔ جبکہ اس فیصلے کے حوالے سے اب ن لیگ نے قانونی محاذ پر ہی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نواز شریف کو پارٹی صدارت کیلئے نااہل قرار دیے جانے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف ن لیگ نے نظر ثانی اپیل دائر کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ ایک دو روز میں کر لیا جائے گا۔