نہ شہباز شریف نہ کلثوم نواز، ن لیگ کی صدارت کیلئے غیر متوقع نام سامنے آگیا

بدھ 21 فروری 2018 21:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 21 فروری 2018ء) شہباز شریف اور کلثوم نواز کی بجائے ن لیگ کی صدارت کیلئے غیر متوقع نام سامنے آگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے بدھ کے روز انتخابی اصلاحات ایکٹ کیس سے متعلق فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مسلم لیگ ن کی صدارت کے عہدے کیلئے بھی نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے نواز شریف کو فوری پارٹی صدارت سے ہٹاتے ہوئے ان کی جانب سے بطور صدر کیے گئے تمام فیصلوں کو کالعدم قرار دینے کا حکم دیا۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے نواز شریف سے ن لیگ کی صدارت کا عہدہ واپس لے لیا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نواز شریف نے پارٹی رہنماوں سے رابطے کرکے پارٹی کے نئے صدر کے نام کیلئے غور شروع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے دعوی کیا جا رہا تھا کہ نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز یا شہباز شریف کو ن لیگ کا صدر بنایا جا سکتا ہے۔ تاہم اب موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نواز شریف مریم نواز کو ن لیگ کا صدر بنانے کیلئے پارٹی رہنماوں سے مشاورت کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ جلد کر لیا جائے گا۔ جبکہ یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ پارٹی کے نئے صدر کے حوالے سے ن لیگ پہلے ہی 2 گروپس میں تقسیم ہو چکی ہے۔ ایک گروپ کلثوم نواز یا مریم نواز جبکہ دوسرا گروپ شہباز شریف کو پارٹی صدر بنوانے کے حق میں ہے۔