چیف جسٹس نے فاٹا کو خیبر پختوانخواہ میں ضم کرنے سے متعلق عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کردیئے،

درخواست کو سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت

بدھ 21 فروری 2018 20:42

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 21 فروری 2018ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے فاٹا کو خیبر پختوانخواہ میں ضم کرنے سے متعلق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے درخواست کو اوپن کورٹ میں سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔ بدھ کو رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف درخواست کی سماعت چیف جسٹس نے اپنے چیمبر میں کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار عمران خان کے وکیل بابر اعوان نے پیش ہوکر کہا کہ رجسٹرار آفس نے بے جا اعتراضات لگائے ہیں، ہم نے قواعد کے مطابق درخواست دائر کرتے ہوئے تما م قانونی تقاضے پورے کئے ہیں اس لئے استدعا ہے کہ رجسٹرارآفس کے اعتراضات ختم کرکے درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔ عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات ختم کرتے ہوئے درخواست کو اوپن کورٹ میں سماعت کے لئے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔