آئندہ الیکشن کارکردگی کی بنا پر جیتیں گے، احتجاجی سیاست کرنے والوں کو خفت کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا ،رانا ثناء الله خاں

پیر 19 فروری 2018 23:35

فیصل آباد۔19 فروری(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 19 فروری 2018ء)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے کہا ہے کہ آئندہ جنرل الیکشن لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی پر قابو پانے والوں اور ملکی ترقی کو روکنے کے لئے انتشار پھیلانے والوں کے مابین ہو گا جو پاکستان مسلم لیگ ( ن ) عمدہ کارکردگی کی بنا پر جیتے گی جبکہ دھرنوں اور احتجاجی سیاست کرنے والوں کو خفت کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا ۔

انہوں نے یہ بات سرسید ٹائون کے اے بلاک میں تزئین وبحالی کے بعد حق باھو پارک کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جس پر 45 لاکھ روپے کے فنڈز خرچ ہوئے ہیں ۔ حلقہ چیئرمین یونین کونسل 115 ملک محمد عمران ‘ وائس چیئرمین عبدالحمید بھولا ‘ دیگر یونین کونسلز کے چیئرمین سلیم جٹ ‘ عتیق الرحمان انصاری ‘ عاشق رحمانی اور میاں رشید کے علاوہ کاشف گجر ‘ صدر قائد اعظم مارکیٹ ملک مختار ‘ ملک اقبال ‘ رانا مقبول‘ ملک عاشق ‘ رانا الیاس ‘ اعظم گیلانی ‘ حاجی یاسین ‘ کاشف خورشید صدیقی و دیگر کارکن اور علاقہ کے لوگوں کی بہت بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے سرسید ٹائون کے مکینوں کو حق باھو پارک کی تزئین و بحالی کے منصوبے کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی سہولیات اور ترقی کے حوالے سے سرسید ٹائون کی صورتحال پہلے سے ہزار گنا بہتر ہے اور آج سے 10 سال قبل یہ محلہ گندے پانی کے جوہڑوں اور ٹوٹی سڑکوں کے ساتھ ابتر نقشہ پیش کررہا تھا لیکن کروڑوں روپے کی لاگت سے پائیدار اورخوبصورت سڑکوں کی تعمیر ‘ واٹر سپلائی اور سیوریج کے منصوبوں کی فراہمی ‘ سڑکوں کی اپ گریڈیشن‘ پارکس کی تزئین و آرائش ‘ سٹریٹ لائٹس ‘ کمیونٹی سنٹر اور دیگر ترقیاتی کاموں سے اسکا نقشہ خوشحالی میں بدل گیا ہے جوکہ اسکا علاقہ کے لوگوںکی بھرپور حمایت اورمحبت کا ثمر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 70 کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے سماجی و معاشی شعبوں میں ضلع و شہر فیصل آباد ‘پنجاب اور پاکستان میں ترقی کا پہیہ تیز کیا ہے جن میں سی پیک کا شاندار منصوبہ ‘ بجلی کے متعدد کارخانوں کا قیام اور شہر میں واٹر پراجیکٹ ‘ جھال چوک انڈر پاس و فلائی اوور ‘ کینال ایکسپریس وے‘ چلڈرن ہسپتال ‘ شعبہ صحت ‘تعلیم اور مواصلات میں دیگر منصوبے نمایاں ثبوت ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ سڑکوں اور ذرائع مواصلات سے ہی ترقی کی راہیں کھلتی ہیں اور فیصل آباد دونوں اطراف سے موٹر ویز سے منسلک ہونے سے آئندہ چند سالوں میں پاکستان کی ترقی کا محور ہوگا ۔ رانا ثناء الله خاں نے کہا کہ دھرنوں ‘ لاک ڈائون ‘ افراتفری ‘ انتشار اور احتجاجی سیاست کے باوجود موجودہ حکومت نے ترقی کے سفر میں بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور عوامی حمایت سے آئندہ دور میں بھی پاکستان مسلم لیگ ( ن ) ہی پاکستان کی ترقی کو بلندیوں تک پہنچائے گی ۔

انہوں نے ڈجکوٹ روڈ پر مومن آباد اور گئو شالہ میں انکا پرتپاک استقبال کرنے پر پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اسی جذبے سے حمایت جاری رکھیں ۔ انہوں نے سر سید ٹائون میں سیوریج اور واٹر سپلائی کی پرانی لائنز کی تبدیلی کے مطالبے کو فوری منظور کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقہ کے دیگر مسائل بھی حل کریں گے۔ قبل ازیں اس موقع پر چئرمین یونین کونسل ملک محمد عمران اور وائس چیئرمین عبدالحمید بھولا نے خطاب کرتے ہوئے حق باھو پارک کی تزئین و آرائش و بحالی کے لئے خطیر فنڈز فراہم اور افتتاح کرنے پر صوبائی وزیر رانا ثناء الله خاں کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :