وزیر اعظم روزانہ چیف جسٹس کیخلاف زہراگل رہے ہیں تو پتا نہیں ملک کیسے چل رہا ہے ‘فواد چوہدری

فنڈنگ کے حوالے سے اگر ہماری پٹیشن الیکشن کمیشن میں منظور ہوتی ہے تو (ن)لیگ الیکشن کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی‘پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 19 فروری 2018 22:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 19 فروری 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری نے کہاکہ عمران خان صاحب کی شادی کی نیک تمناں پر سب کا شکریہ ، تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں پی پی پی اور پی ایم ایل (ن)کی فارن فنڈنگ پر ٹیشن دائر کی ہے، تمام جماعتیں پابند ہیں کہ اپنی فنڈنگ پبلک کریں ، نواز شریف نے اپنی جماعت کا اکائونٹ بھی منی لانڈرنگ کے لئے استعمال کیا ہے ، وزیر اعظم روزانہ چیف جسٹس کے خلاف زہراگل رہاہے تو پتا نہیں ملک کیسے چل رہا ہے ، ججز پر پالیمنٹ میں بات کرنے کے لئے پہلے آئین میں قانونی ترمیم ضروری ہے۔

ان خیالات کا اظہار فواد چوہدر ی نے چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ (ن) لیگ کے الیکشن کمیشن میں جمع کاغذات کے مطابق ان کا لاہور میں پارٹی کا اپنادفتر بھی نہیں ہے ، نواز شریف جس کسی سے بھی ہاتھ ملاتے ہیں پیسوں کی لین دین کی بات کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسحاق ڈار، کیپٹن شاہین یا زبیر گل ہوں سینیٹ ٹکٹ کے لئے آپ کے لئے منی لانڈر ہو نا ضروری ہے، شاہد خاقان اپنے قائدنااہل نوازشریف کو بھی کہیں کہ وہ اداروں کی توہین نہ کریں ، نواز شریف کے بچوں نے 16 کمپنیاں بنائیں اور نواز شریف بتادیں کہ ساڑھے تین سو ارب کہاں سے آیا ۔

انہوںنے کہاکہ نواز شریف کی تقریر میں صرف اداروں کے لئے گالیاں ہیں، نواز شریف اب جواب دیں یا پھر انہیں اڈیالا جیل بھیجا جائے ، ایسا نہیں ہو سکتا کہ چھوٹے چوروں کو جیلوں میں ڈالیں اور بڑے چوروں کو پروٹول دیا جائے۔ انہوںنے کہاکہ اسحاق ڈار کو ملک سے فرار کرانے میں شاہد خاقان نے مدد فراہم کی اور وزیراعظم کا جہاز استعمال ہوا، اسحاق ڈار کو بھگانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ، اب پوراپلان بنایا جا رہا ہے کہ باقی سب کو بھی ملک سے بھگوایا جائے۔

فواد چوہدری نے کہاکہ جوبھی فنڈنگ باہر سے آئی ہے اس کے ایفیڈیوڈ پر نواز شریف کے دستخط ہونے چاہئیں، اگر ہماری پٹیشن الیکشن کمیشن میں منظور ہوتی ہے تو (ن)لیگ الیکشن کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ نوازشریف اورمریم نواز کے نام ای سی ایل میں ڈالیں جائیں اور ان کے ساتھ بھی عام مجرموں جیسا سلوک کیاجائے، وزیر اعظم روزانہ چیف جسٹس کے خلاف زہراگل رہاہے تو پتا نہیں ملک کیسے چل رہا ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ رانا ثنا اللہ کو زیادہ یہ سوچنا چاہئے کہ دیہات کا ووٹرز یہ سوچتا ہے کہ آپ اربوں روپے لوٹ کر باہر لے گئے ہیں اور ملک کو قرضوں کی دلدل میں پھنسا دیا ہے، رانا ثنا اللہ جب مرضی شادی کریں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہو گا ، ججز پر پالیمنٹ میں بات کرنے کے لئے پہلے آئین میں قانونی ترمیم ضروری ہے۔