وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت حکمران جماعت کے دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظوری کی منظوری کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا

پیر 19 فروری 2018 22:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 19 فروری 2018ء)سینیٹ کے انتخابات کیلئے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت حکمران جماعت کے دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظوری کی منظوری کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا ہے اور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے پر اعتراض اٹھائے گئے ہیں۔

مقامی شہری منیر احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں اپیلٹ ٹربیونل کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق اپیلٹ ٹربیونل نے اسحاق ڈار، سعدیہ عباسی، نزہت صادق اور حافظ عبدالکریم کے کاغذات نامزدگی حقائق کے برعکس منظور کئے ۔ درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد امیدواروں کو اثاثے اور دیگر معلومات ظاہر نہ کرنے کی اجازت دی گئی اور اس طرح ریٹرننگ آفیسر کے پاس کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل متاثر ہوا درخواست گزار نے یہ سوال اٹھایا کہاسحاق ڈار اشتہاری ہیں۔

(جاری ہے)

ان کے کاغذات نامزدگی کیسے منظور کر لیے گئے درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ سینیٹ انتخابات میں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی میں اثاثوں، دوہری شہریت اور دیگر تفصیلات فراہم نہیں کیں۔درخواست گزار کے علیل نے استدعا کی کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اعظم کی بہن سعدیہ عباسی اور سینیٹ کیلئے مسلم لیگ (ن) کے دیگر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے انتخابات موخر کرنے کا حکم دیا جائے۔