نواز شریف ہر جگہ گلہ کرتے ہیں کہ انصاف نہیں مل رہا،چار بار حکومت میں رہنے والے نے عدالتی نظام کو کیوں ٹھیک نہیں کیا ‘سراج الحق

غریب کو انصاف نہیں ملتا تھا تو انہیں کوئی پرواہ نہیں تھی مگر اب ان کی خواہش کے مطابق فیصلہ نہیں آیا تو انہیں انصاف یاد آرہاہے ‘امیر جماعت اسلامی

اتوار 18 فروری 2018 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 18 فروری 2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ہر جگہ گلہ کرتے ہیں کہ عدالتوں سے انصاف نہیں مل رہا،چار بار حکومت میں رہنے والے نے عدالتی نظام کو کیوں ٹھیک نہیں کیا ، غریب کو انصاف نہیں ملتا تھا تو انہیں کوئی پرواہ نہیں تھی مگر اب ان کی خواہش کے مطابق فیصلہ نہیں آیا تو انہیں انصاف یاد آرہاہے ، ان کے نزدیک انصاف صرف وہ ہوتاہے جو ان کے حق میں فیصلہ آئے ، ہسپتالوں کو ٹھیک کیا گیا نہ تھانہ کلچر کو بدلا گیا ، ملک میں غربت ، جہالت ، بیماریاں ، بے روزگاری اور بد امنی جیسے مسائل بڑھ رہے ہیں ، یہ مسائل پیدا کرنے والے چاہتے ہیں کہ انہیں پھر حکومت مل جائے ، یہ مزید حکمرانی کا مطالبہ عوام کا باقی ماندہ خون چوسنے کے لیے کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوںنے نوشہرہ میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ سیاسی نظام عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہوچکاہے اور ثابت ہوگیاہے کہ یہ نظام چوروں لٹیروں اور قوم کے ساتھ فراڈ کرنے والوں کا راستہ روکنے کی بجائے انہیں اقتدار پر قابض ہونے کا موقع دیتاہے ۔

سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ عروج پر ہے ہر طرف ممبران اسمبلی کی خریداری کے لیے منصوبہ بندی ہورہی ہے اور صلاحیت کی بجائے پیسے کے زور پر سینیٹ کے ممبر بننے کی کوشش کی جارہی ہے جن لوگوں کے اسمبلی میں چار ممبر نہیں ، انہوںنے بھی سینیٹ کے لیے دو بندوں کو ٹکٹ دیے ہوئے ہیں اور جس کا سیاست سے کوئی سروکار نہیں وہ بھی سینیٹر بننے کے لیے بے تاب نظر آتاہے ۔

انہوںنے کہاکہ جب ایوانوں میں شرابی کبابی سمگلراور لینڈ ، شوگر و ڈرگ مافیا آئیں گے تو وہ صرف ذاتی مفادات حاصل کریں گے ۔ ملکی مسائل پر ان کی توجہ نہیں ہوگی ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تین تین بار حکومت میں رہنے والوں کو اگر عوام کا کوئی خیال ہوتاتو وہ اپنی حکمرانی کے دنوں میں عوام کو ریلیف دیتے اب مگرمچھ کے آنسو بہانے سے عوام کو فریب نہیں دیا جاسکتا ۔

ن لیگ ابھی بھی عوام پر ٹیکسوں کی بجلیاں گرا رہی ہے ۔ پٹرولیم مصنوعات میں بار بار اضافہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ زنی ہے حالانکہ بیرونی منڈیوں میں تیل سستا ہورہاہے۔ ان کا کام صرف عوام کا خون چوس کر دولت جمع کرنا ہے اور ظلم یہ ہے کہ یہ لوٹی دولت ملک میں نہیں رکھتے بلکہ بیرون ملک منتقل کر دیتے ہیں اوروہاں جائیدادیں اور بڑے بڑے بنگلے بنائے جاتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ جب اس طرح کی قیادت ہوگی، فارن پالیسی ناکام ہوگی ٹرمپ اور بھارتی حکمران ہمیں دھمکیاں نہیں دیں گے تو اور کیا کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ ایم ایم اے بن رہی اور ان شاء اللہ اس ملک کا بگڑا ہوا نظام ایم ایم اے ٹھیک کرے گی ۔ جب بے لاگ احتساب ہو گا اور لوٹی دولت واپس لا کر عوام پر خرچ کی جائے گی تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ تمام ملکی مسائل کا حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے جب ایم ایم اے کی حکومت آئے گی تو 1973 ء کے آئین پر من و عن عمل ہوگا اور تمام مسائل کا حل خود بخود نکل آئے گا۔