ایران کی بدمعاشی بڑھتی جارہی،وقت آگیاسلامتی کونسل سبق سکھائے،امریکا

ایران نے حوثیوں کو اسلحہ فراہمی روکنے کے فیصلے کا احترام نہیں کیا ،عالمی ماہرین کی رپورٹ سلامتی کونسل میں پیش

ہفتہ 17 فروری 2018 12:00

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 17 فروری 2018ء)اقوام متحدہ میں امریکا کی مستقل مندوب نیکی ہیلے نے کہا ہے کہ ایران کی بدمعاشی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے سلامتی کونسل ایران کو سبق سکھانے کے لیے تہران کے خلاف حرکت میں آئے۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکی سفیر نے ان خیالات کا اظہار اس وقت کیا جب اقوام متحدہ کے ماہرین کی جانب سے یمن کو اسلحہ کی فراہم پر عاید کردہ پابندیوں کی ایرانی خلاف وزری سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔

اس رپورٹ میں کہا گیا کہ ایران نے یمنی باغیوں کو اسلحہ کی فراہمی روکنے کے سلامتی کونسل کے فیصلے کا احترام نہیں کیا بلکہ ان فیصلوں کی کھلی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔جنوری میں سلامتی کونسل کے ماہرین کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں یمن باغیوں کی طرف سے 2015ء کے بعد یمن کے اندر اور باہر داغے گئے اسلحے کی باقیات دکھائی گئی تھیں جن پر ایرانی ساختہ ہونے کے ٹھوس شواہد موجود تھے۔

(جاری ہے)

نیکی ہیلے نے کہا کہ سلامتی کونسل میں پیش کی گئی رپورٹ سے کئی ماہ سے جاری ہمارے واویلے کے درست ہونے پر مہر تصدیق ثبت ہوتی ہے۔ اس رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ایران سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یمن کے حوثی باغیوں کو اسلحہ اور گولہ باردو سپلائی کرتا رہا ہے۔ہیلے کا کہنا تھا کہ ایران کی طرف سے عالمی قراردادوں کی خلاف ورزیوں پر خاموش رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ ایران کو ان خلاف ورزیوں کی ہرصورت میں سزا ملنی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :