لودھراں کے لوگوں نے ثابت کیا فیصلے امپائر کی انگلی نہیں ، عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں، نواز شریف

عام انتخابات میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا اور ووٹ کا تقدس بحال ہوکر رہے گا، لاڈلے کو 5 سال بعد سبق سیکھنے کا خیال آگیا،اب انہیں قوم اور یہ خلق خدا سبق سکھائے گی، سابق وزیراعظم آج کھاد کی قیمت 1300 روپے ہے،پہلے 2200 ہوتی تھی، ٹیوب ویل کا خرچہ بھی کم ہوگیا ، کراچی میں روز دہشت گردی ہوتی تھی لیکن ہم نے آکر کراچی کو دوبارہ پر امن شہر بنادیا ہے کے پی کے والے کا نمائندہ یہاں 50 ہزار کی برتری سے جیتنے کے خواب دیکھ رہا تھا، 27 ہزار ووٹوں سے ہار گیا، اتنی رعونیت اور تکبر صحیح نہیں ہے۔ جب کہ ہم نے الیکشن جیتنے کا اعلان سنا تو اللہ کے سامنے سجدے میں گرگئے اور اللہ کا شکر ادا کیا، لودھراں میں ورکرز کنونشن سے خطاب

ہفتہ 17 فروری 2018 20:09

لودھراں (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 17 فروری 2018ء)سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ لودھراں کی عوام نے ثابت کیا ہے کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں،عام انتخابات میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا اور ووٹ کا تقدس بحال ہوکر رہے گا۔ لاڈلے کو 5 سال بعد سبق سیکھنے کا خیال آگیا،اب انہیں قوم اور یہ خلق خدا سبق سکھائے گی۔

ہفتہ کے روز لودھراں میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز اور مریم نواز ایک بار پھر لودھراں آئیں گے اور آپ سے بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ لودھراں کی عوام نے اقبال شاہ جیسے فرشتہ صفت انسان کو ووٹ دے کر شہباز شریف اور میرا مان بڑھایا ہے جب کہ آپ نے ثابت کیا ہے کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا اور لودھراں کی عوام نے بتا دیا کہ ووٹ کا تقدس بحال ہوکر رہے گا۔ نواز شریف نے کہا کہ لاڈلہ کہتا ہے کہ ہم نے لودھراں سے سبق سیکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب 5 سال بعد سبق سیکھنے کا خیال آگیا ہے لیکن اب انہیں قوم اور یہ خلق خدا سبق سکھائے گی۔انہوں نے کہا کہ غریب کسانوں کے لیے حکومت نے بہت کام کیے ہیں اور آج کھاد کی قیمت 1300 روپے ہے لیکن پہلے یہ قیمت 2200 ہوتی تھی جب کہ ٹیوب ویل کا خرچہ بھی کم ہوگیا ہے۔

ان کہنا تھا کہ کراچی میں روز دہشت گردی ہوتی تھی لیکن ہم نے آکر کراچی کو دوبارہ پر امن شہر بنادیا ہے۔پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کے پی کے والے کا نمائندہ یہاں 50 ہزار کی برتری سے جیتنے کے خواب دیکھ رہا تھا لیکن 27 ہزار ووٹوں سے ہار گیا، اتنی رعونیت اور تکبر صحیح نہیں ہے۔ جب کہ ہم نے الیکشن جیتنے کا اعلان سنا تو اللہ کے سامنے سجدے میں گرگئے اور اللہ کا شکر ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر ایک روپے کی رشوت کا الزام نہیں ہے لیکن کچھ نہ ملا تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کردیا، ایسا فیصلہ دنیا میں کہیں نہیں سنا۔نواز شریف نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں بڑے فیصلے کرنے ہیں اور جو کچھ 70 سالوں سے ہورہا ہے اسے ختم کرنا ہے اور اپنے ووٹ کی حرمت اور تقدس کی حفاظت کرنی ہے۔انہوں نے کہا کہ کب تک آپ کا وزیر اعظم رسوا اور ذلیل ہوتا رہے گا، جسے آپ وزیر اعظم بناتے ہیں کیا اسے بار بار ہٹایا جائے گا ، میں آپ کو اس بات کا یقین دلاتا ہوں اور ن لیگ جیتے گی اور غریبوں کو دروازے کی دہلیز تک اںصاف ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے جو بھی وعدہ کیا ہے، اسے پورا کیا ہے لیکن کے پی کے حکومت نے عوام کے حوالے سے کوئی توجہ نہیں دی اور ان سے 5 سالوں میں میٹرو بس نہیں بن سکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان سے پوچھا جائے کہ یہ لوگ 5 سال کہاں تھے اور وہاں کی عوام کے لیے کیوں کچھ نہیں کیا ۔