پاک فوج کو اپنی قوم سے پیار ہے ، ہمیں قوم کا اعتماد چاہیے، اتحاد و اتفاق اور ملی یکجہتی کو اپناکرملک کی اس ترقی کو آگے بڑھانا اور یہاں دیر پا قیام امن ہمارے مقاصد و عزائم میں شامل ہیں ،سی پیک اور خوشحال بلوچستان پروگرامز ترقی کے نئے زینے ہیں

کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کااسپیشل آپریشن ونگ فرنٹیر کور سائوتھ بلوچستان کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی اختتامی تقریب سے خطاب

منگل 23 جنوری 2018 23:22

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 23 جنوری 2018ء) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہاہے کہ پاک فوج کو اپنی قوم سے پیار ہے ، ہمیں قوم کا اعتماد چاہیے، اتحاد و اتفاق اور ملی یکجہتی کو اپناکرملک کی اس ترقی کو آگے بڑھانا اور یہاں دیر پا قیام امن ہمارے مقاصد و عزائم میں شامل ہیں ،سی پیک اور خوشحال بلوچستان پروگرامز ترقی کے نئے زینے ہیں ،آپ دیکھیں گے کہ خضدارسمیت پورے صوبے میں ترقی نظر آئے گی ،یہاں کے لوگ خوشحال ہونگے ،ہمارا دشمن ہمارے خلاف سرگرم ہے، تاہم سیکورٹی فورسز قوم کی مدد سے دشمن کے ان عزائم کو ناکام بنانے کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لارہی ہیں ،اور ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہورہاہے ،ملک پُرسکون امن کی جانب گامزن ہے ، اس وطن کا ہر بچہ بچہ دہشت گردی کی ناسور کو ختم کرنے کے لئے پُرعزم ہے،اسپیشل آپریشن ونگ فرنٹیئر کور سائوتھ بلوچستان کے جوانوں نے آج اپنی دفاعی صلاحیتوں کا جس شاندار انداز میں مظاہرہ دکھایا ،اس فقیدالمثال کارکردگی پر میں ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان کے ٹرینرز کو بھی داد پیش کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

وہ منگل کو اسپیشل آپریشن ونگ فرنٹیر کور سائوتھ بلوچستان کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس سے قبل ایس او ڈبلیو سے وابستہ جوانوں نے دہشت گردی سے نمٹنے کا شاندار مظاہرہ کیا ، ہیلی سے اترنے دشمن سے مقابلہ کرنے و ان کے ٹھکانوں کا خاتمہ کرنے کا عملی نمونہ و کرتب دکھایا اور حاضرین سے داد وصول کی ۔تقریب میں انسپکٹر جنرل،ایف سی بلوچستان، میجر جنرل ندیم انجم ، آئی جی سائوتھرن میجر جنرل طارق امان ،سیکٹر کمانڈر ایف سی راحت تصدق ، کمانڈنٹ ایف سی قلات اسکائوٹس کرنل ارشد محمود، ایس ایس جی طلعت، ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی ، ڈپٹی میئر خضدار مفتی عبدالقادر شاہوانی ،مسلم لیگ (ن) خضدار کے صدر میر عبدالرحمن زہری ، مولانا عنایت اللہ رودینی ،سردار بلند خان غلامانی ،سردار عزیز محمد عمرانی ، وڈیرہ محمد صالح جاموٹ ، ماسٹرعبدالخالق غلامانی ، سلطان احمد شاہوانی ، ڈاکٹر ظہوراحمد بلوچ ودیگرسیاسی اور عوامی نمائندے موجود تھے۔

کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹننٹ جنرل عاصم باجوہ نے کہاہے کہ ماضی میں گلہ رہاہے کہ بلوچستان میں ترقی نہیں ہورہی ہے تاہم اب ترقی کا سفر شروع ہوچکا ہے ، سی پیک ایک بڑا منصوبہ ہے جس سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک میں ترقی نظر آئے گی ۔یہاںکے عوام کو خوشحالی ملے گی ،خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت بھی خضدار سمیت پورے صوبے میں ترقی ہوگی ۔جو سڑکیں بن رہی ہیںوہ ترقی کے اہم حصے ہیں ، یہ نہ صرف معاشی ترقی ہے بلکہ معاشی پراجیکٹ ہے ۔

ہمیں اتحاد اور ملی یکجھتی کی پیروی کرنا ہوگا ، ہمارا دشمن ہمارے خلاف سرگرم ہے ، ہم من حیث القوم اپنے دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے مل کر آگے بڑھیں اور ان کے عزائم ناکام بنادیں ،افغانستان کے بارڈر پر ساڑھے بارسو کلومیٹرباڑ بنارہے ہیں ، جس سے امن کی کوششوں کو مذید تقویت ملے گی ۔ملک کے اندر اور سرحدوں پر مذید سیکورٹی بہتر ہوگی ۔

آج جوانوں نے جس طرح فقید المثال کارکردگی کا مظاہرہ کرکے دشمن سے نمٹنے اور اسے نیست و نابود بنانے کا عملی مظاہرہ کرکے یہ بات ثابت کرادی کہ قوم کے محافظ باصلاحیت اور دشمن سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں ۔ ہمیں قوم کا اعتماد چاہیے ۔یہ ہر دلعزیز فورس دہشت گردوں کے خلاف جنگ کرکے ملک میں دیر پا امن قائم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ دشمن کے ہاتھوں استعمال ہونے والے دہشت گرد ہیں یہ اپنے مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے ۔ انہیں ہم موقع دے رہے ہیں کہ ہتھیار پھینک کر قومی دہارے میں آجائیںاور ترقی کے دور میں شامل ہوں ۔

متعلقہ عنوان :