سپریم کورٹ کے فیصلے کو میں نے اور عوام نے قبول نہیں کیا ، نوازشریف،

ججز ہسپتال ضرور جائیں، مگر اپنے گھر کی بھی خبر رکھیں، صحافیوں سے بات چیت

منگل 23 جنوری 2018 19:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 23 جنوری 2018ء)سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے ایک مرتبہ پھر سپریم کورٹ کے ججز پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کو میں نے اور عوام نے قبول نہیں کیا ہے،اب بات نہیں بن پارہی تو ضمنی ریفرنس کے حوالے سے بات کی جارہی ہے،ججز ہسپتالوں میں ضرور جائیں مگر اپنے گھر کی بھی خبررکھیں،حساب کتاب قوم کے سامنے جلد پیش کروں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے جو نااہلی کا فیصلہ دیا ہے اس فیصلے کو کسی نے قبول نہیں کیا۔اس فیصلے کو نہ ہم نے قبول کیا اور نہ ہی قوم نے قبول کیا ہے،اقامہ والی خفت کو مٹانے کے لئے اب احتساب عدالت سے سزا دلانے کی کوشش کی جارہی ہے،سپریم کورٹ کے ججز کو ان کا اتنا خیال ہے کہ وہ اس کیس کے علاوہ کوئی کام نہیں کررہے۔

(جاری ہے)

نوازشریف نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف ان ججوں کی بات کر رہے ہیں جو کہ بنچ میں موجود تھے،ججز کو بھی معلوم ہے کہ ان کے دئیے ہوئے فیصلے کو کسی نے قبول نہیں کیا اور اب وہ خفت سے بچنا چاہ رہے ہیں لیکن کچھ بن نہیں پارہا تو میرے خلاف ضمنی ریفرنس لائے جارہے ہیں،ججز ہسپتالوں کی کارکردگی دیکھنے کے لئے ضرور جائیں مگر اپنے گھر کی بھی خبر رکھیں،اس قسم کے فیصلوں سے انتشار کا سبب بنتے ہیں اور کوئی بھی اس قسم کے فیصلوں کو قبول نہیں کرتا،ہم ملک اور قوم کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں اور مشکلات بھی برداشت کر رہے ہیں،اس ملک میں جو آئین اور قانون توڑتا ہے اس کو تو واپس لانے کی جرات کسی کو نہیں ہوتی،یہ دوہرا معیار ان کی سمجھ سے بالاتر ہے،نوازشریف نے کہا کہ پارٹی پوری طرح متحد ہے اور عوام بھی ان سے متفق ہیں جو عوامی پذیرائی ہمیں مل رہی ہے اس میں عوامی اتفاق رائے کا ثبوت دیکھا جاسکتا ہی۔