تحریک انصاف کی وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کودورہ خیبرپختونخواہ کی دعوت

شہبازشریف کوکے پی میں ایک ارب درخت گنوائیں گےاورعوام کی خدمت کےگُربھی سکھائیں گے،لوگوں کوآشیانہ ملا ہوتا تو نوبت تحقیقات تک نہ آتی۔اپوزیشن لیڈرپنجاب اسمبلی میاں محمود الرشید

پیر 22 جنوری 2018 16:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 22 جنوری 2018ء): تحریک انصاف پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کو دورہ خیبرپختونخواہ کی دعوت دے دی، شہبازشریف کوکے پی میں ایک ارب درخت گنوائیں گے اور عوام کی خدمت کے گُر بھی سکھائیں گے۔اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی وردی بدلنے سے نہیں اصلاحات سے تھانہ کلچر تبدیل ہوتا ہے۔

شہبازشریف کویہ بھی بتائیں گے سڑکیں اورپل بنانے سے نہیں وسائل عوام پر خرچ کرنے سے قوم بنتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ لوگوں کو آشیانہ ملا ہوتا تو نوبت تحقیقات تک نہ آتی۔

(جاری ہے)

شہباز شریف اداروں کودھمکیاں دینے کی بجائے نیب میں پیشی کی تیاری کریں، انہوں نے کہا کہ قانون حرکت میں آتا دیکھ شہباز شریف کی زبان بھی بڑوں کی طرح بدلنے لگی ہے،خود ساختہ خادم کااصل چہرہ تو نیب نے قوم کو دکھایا شہباز شریف کیا دکھانا چاہتے ہیں؟ اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں لاقانونیت عروج پر ہے،56کمپنیوں میں مالی بے ضابطگیوں ، بچوں کیخلاف جرائم پر تشویش ہے لیکن حکومت خود کو جوابدہ نہیں ہی سمجھتی، اجلاس میں تاخیر کرکے ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے لہٰذا مطالبہ کرتے ہیں حکومت فی الفور پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلا کر نواز شریف کی عدلیہ مخالف تحریک پر اپنی پوزیشن واضح کرے اور زینب کے قتل کی تحقیقات سے متعلق ایوان کو آگاہ کرے۔