پاک فوج دشن کی جارحیت سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے،

دفاع وطن کیلئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان کی لائن آف کنٹرول کے دورہ کے دوران گفتگو

پیر 22 جنوری 2018 15:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 22 جنوری 2018ء) وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ ہمارے فوجیوں اور شہریوں کی شہادت نے قوم کے حوصلے کو مزید مضبوط بنادیا ہے، پاک فوج دشن کی جارحیت سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ترجمان وزارت دفاع کے مطابق وہ پیر کو آزاد کشمیر میں لا ئن آف کنٹرول کے دورہ کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔

وزیردفاع خرم دستگیر خان نے کہا کہ اپنی خود مختاری کے دفاع کے لئے ہر قیمت ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ وزیر دفاع نے ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر پر اگلے مورچوں کا دورہ کرکے جوانوں سے ملاقات کی۔ وزیر دفاع نے مادر وطن کے دفاع کے لئے پاک فوج کے مورال کو سراہا۔

خرم دستگیر خان نے کہاکہ دفاع وطن کے لئے پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے شہری آبادی پر گولہ باری قابل مذمت ہے، 2017ء میں ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے۔کور کمانڈر راولپنڈی اور جی او سی نے وزیر دفاع کو ایل او سی کی تازہ ترین صورتحال سے متعلق آگاہ کیا۔