چوہدری نثار، پرویز رشید لفظی جنگ، نوازشریف نے اپنا وزن سینیٹر پرویز رشید کے پلڑے میں ڈال دیا

وزیر اعلی پنجاب کے مفاہمتی پیغام کے باوجود نوازشریف نے سابق وزیر داخلہ سے ملاقات نہیں کی، شہباز شریف نے چوہدری نثار علی کو راضی کرلیا تھا وہ نواز شریف سے ملاقات کرکے اپنے پرویز رشید بارے تحفظات سے انھیں آگاہ کریں، نواز نے پرویز رشید کو نثار کے معاملے پر ہتھ ہولا رکھنے کے لیے تو کہا ہے مگر منع نہیں کیا ،ذرائع

ہفتہ 20 جنوری 2018 21:00

آسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 20 جنوری 2018ء)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف نے ن لیگ کے دو سینئر رہنماؤں چوہدری نثار علی خان اور پرویز رشید کے درمیان لفظی جنگ میں اپنا وزن سینیٹر پرویز رشید کے پلڑے میں ڈال دیا ہے اور وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے مفاہمتی پیغام کے باوجود نوازشریف نے ہفتہ کو سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات نہیں کی جبکہ شہباز شریف نے چوہدری نثار علی کو راضی کرلیا تھا کہ وہ نواز شریف سے ملاقات کرکے اپنے پرویز رشید بارے تحفظات سے انھیں آگاہ کریں۔

(جاری ہے)

ذرائع نے مزید بتایا کہ پرویز رشید کے حالیہ بیانات پر نواز شریف خوش ہیں اسی لیے ان کی راولپنڈی میں چوہدری نثار سے ملاقات منسوخ ہو گئی زرا ئع نے بتایا کہ اس ملاقات کا اہتمام بھی شہباز شریف نے کیا تھامگر نواز شریف پرویز رشید کو لے کر ہری پور پہنچ گئے اور انہوں نے پرویز رشید کو نثار کے معاملے پر ہتھ ہولا رکھنے کے لیے تو کہا ہے مگر منع نہیں کیا ۔ذرائع نے مزید بتایا کہ اب نواز نثار ملاقات کسی اور وقت میں ہو گی مگر کوئی نیا شیڈول جاری نہیں کیا گیا ۔