چیف جسٹس ثاقب نثار کا لاہور میں ماحولیاتی آلودگی بڑھنے پر از خود نوٹس

عدالت نے شہر کے 6 مقامات پر آلودگی جانچ کر کے کل تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا

ہفتہ 20 جنوری 2018 20:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 20 جنوری 2018ء) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کا لاہور میں ماحولیاتی آلودگی بڑھنے پر از خود نوٹس، عدالت نے شہر کے 6 مقامات پر آلودگی جانچ کر کے کل تک رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے لاہور رجسٹری میں صوبائی دارالحکومت میں ماحولیاتی آلودگی بڑھنے پر از خود نوٹس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ لاہور کے 6 مقامات پر آلودگی جانچ کر کل تک رپورٹ پیش کی جائے، تین مقامات لاہور کے اطراف اور تین مقامات لاہور کے اندر سے منتخب کر کے آلودگی جانچی جائے۔ ماحولیاتی آلودگی کی حد کا صحیح اندازہ لگا کر رپورٹ پیش کی جائے، کاغذی کارروائی پوری نہیں کرنے دی جائے گی۔ جھوٹے اعدادوشمار پیش کیے تو سخت کارروائی ہو گی۔ چیف جسٹس نے قرار دیا کہ محکمہ ماحولیات حکومت کا خدمتگار بنا ہوا ہے، کل صبح تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔