چیف جسٹس نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کا ازخود نوٹس لے لیا

ڈی جی ایف آئی اے سے 10 روز میں رپورٹ پاکستان کی بدنامی کرنے والا کوئی بچ کر نہیں جائے گا، اسکینڈل سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے ،چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے ریما رکس

جمعہ 19 جنوری 2018 18:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ 19 جنوری 2018ء) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے سے 10 روز میں رپورٹ طلب کر لی ہے ، چیف جسٹس نے ایگزیکٹ کے معاملے کا نوٹس جمعہ کو کٹاس راج مندر سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے بعد لیا ہے ،چیف جسٹس نے معاملے پر ڈی ایف آئی اے سے دس روز میں رپورٹ طلب کرتے ہوئے یمارکس دیئے ہیں کہ پاکستان کی بدنامی کرنے والا کوئی بچ کر نہیں جائے گا، اسکینڈل سے ہمارے سر شرم سے جھک گئے ہیں، ڈی جی ایف آئی اے جعلی ڈگری سے متعلق مہم کا پتہ چلائیں، چیف جسٹس نے کہاکہ خبریں سچی ہیں تو اس اسکینڈل کا تدارک ہونا چاہیئے لیکن اگر خبریں جھوٹی ہیں تو پاکستان اپنا دفاع لے کیونکہ جعلی ڈگری سے متعلق خبروں سے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہو رہی ہے، جعلی ڈگری سکینڈل کی خبریں ملکی و بین الاقوامی میڈیا میں آرہی ہیں، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ غالباً یہ معاملہ پہلے بھی منظرعام پر آیا تھا اور اس سکینڈل کے حوالے سے مقدمات عدالتوں میں زیرالتوا بھی ہیں، چیف جسٹس نے کہاکہ ڈی جی ایف آئی اے ایگزیکٹ سکینڈل سے متعلق مفصل رپورٹ عدالت کو پیش کریں،چیف جسٹس نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری ازخود نوٹس سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم بھی جاری کردیا ہے۔