کرپشن ریفرنس،شرجیل میمن اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد،کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی

سندھ حکومت اورپارٹی پالیسی نے ملک کو بڑے سانحات سے بچایا ،پاکستان میں سب سے بہترسندھ پولیس ہے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 18 جنوری 2018 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 18 جنوری 2018ء) احتساب عدالت نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن اور دیگر کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست مسترد کرد ی ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی احتساب عدالت میں سابق صوبائی وزیراطلاعات شرجیل میمن اوردیگر ملزمان کیخلاف پونے چھ ارب سے زائد کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات شرجیل میمن عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ملزم انعام اکبر کو طبیعت ناسازی کے باعث عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، انعام اکبر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے موکل طبعیت ناساز ہے اور وہ سترہ جنوری سے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔اس موقع پر عدالت نے نیب کی جانب سے شرجیل میمن و دیگر کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر محفوظ کیا جانے والے فیصلہ سناتے ہوئے نیب کی درخواست کو مسترد کردیا اور کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردی ۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پیپلز پارٹی شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت اورپارٹی پالیسی نے ملک کو بڑے سانحات سے بچایا ہے ، سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ پورے پاکستان میں سب سے بہتر پولیس سندھ کی ہے۔