عوامی تحریک کے دھرنے میں شمولیت سے تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں،یہ تینوں سیاسی کزنز اقتدار کے حصول کے لیے کوششیں کر رہے ہیں لیکن 2018ء کے انتخابات میں بھی یہ اپنے مقاصد میں ناکام ہوں گے

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت

بدھ 17 جنوری 2018 23:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 17 جنوری 2018ء) وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کا اتحاد بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی عوام میں مقبولیت کو متاثر نہیں کر سکتا۔ بدھ کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے اعلان کردہ دھرنے میں شمولیت سے تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں۔

طاہرالقادری کے دھرنے اور پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے الحاق کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تینوں سیاسی کزنز اقتدار کے حصول کے لیے کوششیں کر رہے ہیں لیکن 2018ء کے انتخابات میں بھی یہ لوگ اپنے مقاصد کو پورا کرنے میں ناکام ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے عوام کے لیے کیے گئے فلاحی و ترقیاتی کاموں اور کارکردگی کی وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔

انہوں نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ پر زور دیا کہ وہ ماڈل ٹائون واقعے پر انصاف کے حصول کے لیے عدلیہ کا رجوع کریں، ماڈل ٹائون واقعے کا کیس زیر سماعت ہے۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں اپنے ذاتی مقاصد یا پوائنٹ سکورنگ کے لیے ماڈل ٹائون کے مسئلے کو استعمال کر رہی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے خبردار کیا کہ دھرنے کے شرکاء کے آئین و قانون کی خلاف ورزی کرنے پر ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔