حکومت غریبوں کو ہر ممکنہ معاونت کی فراہمی ،اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے ہنرمند بنانے ،استعداد کار میں اضافہ کیلئے پرعزم ہے، شاہد خاقان عباسی

رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کی ملک کے مختلف حصوں میں غربت میں کمی کیلئے کاوشوں اور خدمات قابل تعریف ہیں،وزیراعظم کی رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کے وفد سے گفتگو

بدھ 17 جنوری 2018 22:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 17 جنوری 2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نہ صرف غریبوں کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کرنے بلکہ انہیں مستقل طور پر اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے ہنرمند بنانے ،استعداد کار میں اضافہ کیلئے پرعزم ہے،رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کی ملک کے مختلف حصوں میں غربت میں کمی کیلئے کاوشوں اور خدمات قابل تعریف ہیں۔

وزیراعظم نے یہ بات بدھ کو رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کے چیئرمین شعیب سلطان کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں شندانہ خان، ڈاکٹر راشد باجوہ، مسعود الملک، محمد دیتال کلہوڑو، نادر گل اور مظفر الدین شامل تھے۔ شعیب سلطان نے وزیراعظم کو رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کے امور کار اور کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا جو غریب افراد کو سہ جہتی سوشل موبلائزیشن نیٹ ورک کے ذریعے غربت کے شکنجوں کو توڑنے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

شعیب سلطان خان نے کہا کہ رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک ہمہ جہت حکمت عملی پر عمل پیرا ہے جس میں سماجی نیٹ ورکنگ، استعداد کار پیدا کرنا اور انسانی وسائل کی ترقی، چھوٹے پیمانے پر قرضوں کی فراہمی اور تکنیکی معاونت کے ساتھ ساتھ ضروری روابط کا فروغ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات کی بدولت غربت میں کمی اور غریب طبقہ کو پائیدار بنیادوں پر روزگار کمانے کے قابل بنانے کیلئے جنوبی ایشیاء کے مختلف ممالک میں مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رورل سپورٹ پروگرام کا تربیت یافتہ عملہ اور ملک بھر میں وسیع نیٹ ورک معاشرہ کے غریب افراد کو غربت کے چنگل سے نکالنے کیلئے حکومتی اقدامات میں معاونت فراہم کر سکتا ہے۔ وزیراعظم نے رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کی ملک کے مختلف حصوں میں غربت میں کمی کیلئے کاوشوں اور خدمات کو سراہتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے وژن کا ذکر کیا جس نے 1991ء میں نیشنل رورل سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف غریبوں کو ہر ممکنہ معاونت بلکہ انہیں ہنرمند بنانے اور ان کی استعداد کار بڑھانے میں مدد کرنے کیلئے بھی پرعزم ہے تاکہ وہ اپنے پائوں پر کھڑا ہو کر مستقل طور پر غربت سے چھٹکارا حاصل کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :