عمران خان کاآصف زرداری کیساتھ ایک اسٹیج پر بیٹھنے سے انکار پر جلسے کو دو سیشنزمیں تقسیم کرنے پر اتفاق

جلسے کو دھرنے میں تبدیل کرنے کی تجویز پر بھی بحث ہوئی ،اس طر ز کے فوری احتجاج کومسترد کر دیا گیا ‘ ایکشن کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی

منگل 16 جنوری 2018 21:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 16 جنوری 2018ء) آل پارٹیز کانفرنس کی ایکشن کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ، عمران خان کے آصف علی زرداری کیساتھ ایک اسٹیج پر بیٹھنے سے انکار پر احتجاجی جلسے کو دو سیشنزمیں تقسیم کرنے پر اتفاق کیا گیا ، شیخ رشید کے احتجاجی جلسے کو دھرنے میں تبدیل کرنے کی تجویز پر بحث ہوئی تاہم اس طر ز کے فوری احتجاج کومسترد کر دیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق ایکشن کمیٹی کے اجلاس سے قبل عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین کے درمیان الگ سے ملاقات ہوئی اور اسی دوران عمران خان کا بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں آج ہونے والے احتجاجی جلسے اور آصف زرداری اور عمران خان کے ایک اسٹیج پر بیٹھنے کے حوالے سے گفتگو ہوئی ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ عمران خان کا کہنا تھاکہ پیپلز پارٹی کے ساتھ نظریاتی اختلاف ہے اس لئے ساتھ نہیں بیٹھ سکتا اور اگر طاہر القادری کہیں تو میں نہیں آتا اور پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت آصف علی زرداری کی موجودگی میں اسٹیج پر ہو گی ۔

بعد ازاں اس معاملے کو ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں زیر بحث لایا گیا اور اجلاس کے دوران جہانگیر ترین وہاں سے چلے گئے جس کے بعد عبد العلیم خان اورشعیب صدیقی نے پی ٹی آئی کی نمائندگی کی ۔ اس دوران اتفاق رائے سے طے پایا کہ احتجاجی جلسہ طویل ہوگا اور دونوں رہنمائوں کی موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے دو سیشنز ہوں گے ۔ متوقع طور پرپہلے سیشن سے آصف زرداری اور دوسرے سیشن سے عمران خان خطاب کریں گے۔