احتساب عدالت میں نواز شریف میڈیا نمائندوں سے کیس بارے پوچھتے رہے

سابق وزیراعظم نے نجی ٹی وی کی لیڈی رپورٹر کو پاس بلا کر کیس بارے استفسار کیا، لیڈی رپورٹر نے بتایا کہ اصل گواہی واجد ضیاء کی ہو گی،جس پر پاس بیٹھی مریم نواز نے کہا واجد ضیاء تو جے آئی ٹی سربراہ تھے وہ گواہ نہیں ہو سکتے

منگل 16 جنوری 2018 21:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 16 جنوری 2018ء) احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف میڈیا کے نمائندوں سے اپنے کیس کے بارے میں پوچھتے رہے،سابق وزیراعظم نے ایک نجی ٹی وی کی لیڈی رپورٹر کو اپنے پاس بلایا اور ان سے کیس کے مستقبل بارے استفسار کیا،لیڈی رپورٹر نے بتایا کہ اصل گواہی واجد ضیاء کی ہو گی،جس پر پاس بیٹھی مریم نواز بول اٹھی کہ واجد ضیاء تو جے آئی ٹی کے سربراہ تھے وہ گواہ نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

منگل کو سابق وزیراعظم نواز شریف احتساب عدالت پہنچے تو کمرہ عدالت میں معمول کے مطابق انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گپ شپ کی، نواز شریف نے ایک نجی ٹی وی کی خاتون رپورٹر کو اپنے پاس بلایا اور ان سے کیس کے بارے میں گپ شپ شروع کر دی،سابق وزیراعظم خاتون رپورٹر سے پوچھتے رہے کہ کیس کیسا چل رہا ہے، کیا یہ مضبوط کیس ہے یا نہیں گواہ تو کچھ بھی نہیں بتا رہے تو مجھ پر یہ کیسا کیس بنا دیا ہے ، جس پر خاتون رپورٹر نے کہا کہ اس کیس میں اصل گواہی تو واجد ضیاء کی ہو گی،جس پر مریم نواز بول اٹھی کہ واجد ضیاء تو جے آئی ٹی کے ہیڈ تھے وہ تو گواہ نہیں ہو سکتے،نواز شریف نے کہا کہ واجد ضیاء بھی گواہی دے دیں، جب ہم نے کچھ کیا ہی نہیں تو ڈر کس بات کا ہے۔