مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ سے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کی ملاقات

مدارس کے طالب علموں کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے اصلاحات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا

پیر 15 جنوری 2018 20:54

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر 15 جنوری 2018ء) قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مدارس کے طالب علموں کو مرکزی دھارے میں لانے کیلئے اصلاحات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات کے دوران اتحاد تنظیم المدارس پاکستان کے نمایاں اراکین مفتی منیب الرحمن، قاری محمد حنیف جالندھری، محمد یاسین ظفر، مولانا عبدالمالک، مولانا نیاز حسین نقوی اور وزارت تعلیم و اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

قومی سلامتی کے مشیر نے مہمانوں کا بھرپور خیرمقدم کیا اور وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سمیت تمام اراکین کی مدارس کے طالب علموں کو مرکزی قومی دھارے میں لانے کے نیک مقصد کیلئے کوششوں کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

قومی سلامتی کے مشیر نے مدارس کے طالب علموں کو ملک کے قومی مرکزی تعلیمی دھارے میں شامل کرنے کیلئے اب تک پیش کی گئی تجاویز کے مختلف پہلوئوں سے آگاہ کیا جس سے وہ نہ صرف ملک کے مفید شہری بن جائیں گے بلکہ اپنی مرضی کا کوئی پیشہ اختیار کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔

انہوں نے مستقبل میں مدارس کی اپ گریڈیشن اور قومی مرکزی دھارے میں شمولیت کے مجوزہ نظام کے طریقہ کار سے متعلق نصاب، حکمت عملی اور طریقوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ تمام فریقوں نے اس معاملہ پر اب تک ہونے والی پیشرفت کو سراہا اور مستقبل میں مدارس کے طالب علموں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔