تبدیلی کی ہوا گلگت بلتستان کے پہاڑوں تک پہنچ چکی ہے۔ چین کے بارڈر کے قریب گائوں سوس میں بھی تحریک انصاف کے جھنڈے لہرا رہے ہیں، ڈاکٹر عارف علوی

جمعرات 11 جنوری 2018 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 11 جنوری 2018ء)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تبدیلی کی ہوا گلگت بلتستان کے پہاڑوں تک پہنچ چکی ہے۔ چین کے بارڈر کے قریب گائوں سوس میں بھی تحریک انصاف کے جھنڈے لہرا رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف حکومت بنائے گی کیونکہ آج گلگت بلتستان کے نوجوان اِس ظلم کے نظام کے خلاف عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

تحریک انصاف کی خیبر پختونخواہ حکومت کی ساڑھے چار سالہ کارکردگی سے ثابت ہوگیا کہ تبدیلی صرف تحریک انصاف لا سکتی ہے کیونکہ تحریک انصاف لسانیت اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر تحریک انصاف گلگت بلتستان کے سیکریٹری اطلاعات تقی اخونزادہ ، دوا خان صابر، وسیم بھائی، امان اللہ خان، شاکر خان اور دیگر رہنما بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ کراچی شہر کی تعمیر و ترقی میں بھی گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا کلیدی کردار رہا ہے۔ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد صرف اٹھانوے فیصد عوام کے لیے ہے ۔

عمران خان اور تحریک انصاف غریبوں کی امید کی آخری کرن ہیں۔ بد قسمتی سے اِس ملک کو کرپشن اور لوٹ مار کے دلدل میں دھکیلنے والے حکمرانوں نے ہمیشہ عوام کو بے وقوف بنایا ہے۔ اِس فرسودہ نظام کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنا تحریک انصاف کی اوّلین ترجیح ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کے ساتھ حکمرانوں نے ہمیشہ ناانصافی کی ہے۔ تحریک انصاف ان حکمرانوں سے ایک ایک پائی کا حساب لے گی اور اِس ملک میں میرٹ کا نظام قائم کرے گی۔ اس میں قانون کی بالادستی اور عوام کی حکمرانی ہوگی۔ #