سی سی ٹی وی میں موجود شخص کون ہے، زینب کے چچا کی گفتگو

جمعرات 11 جنوری 2018 20:46

قصور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 11 جنوری 2018ء)قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 7 سالہ زینب کے چچا نے بتایا ہے کہ زینب اپنی خالہ کے گھر روزانہ قرآن پاک پڑھنے جاتی تھی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے زینب کے چچا مدثر نے بتایا کہ زینب ان کے 7 سالہ بیٹے عثمان کے ساتھ ہر روز اپنی خالہ کے گھر قرآن پاک پڑھنے جاتی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دونوں بچے اکثر ریس لگاتے ہوئے وہاں جایا کرتے تھے اور ایک دوسرے سے پہلے پہنچنے کی کوشش کرتے تھے۔مدثر کے مطابق جس روز زینب غائب ہوئی اس شام بھی روز کی طرح زینب اور عثمان خالہ کے گھر کیلئے نکلے ،ْزینب پہلے نکلی جس کے پیچھے عثمان نکلا لیکن جب عثمان وہاں پہنچا تو دیکھا کہ زینب اپنی خالہ کے گھر نہیں پہنچی تھی۔واقعہ سے متعلق سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھائی دینے والے شخص کے حوالے سے مدثر نے بتایا کہ وہ اس شخص کو نہیں پہچانتے۔انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں ایسا دکھائی دے رہا ہے کہ مشتبہ شخص نے زبردستی بچی کا ہاتھ پکڑا ہوا ہے۔