ٹرمپ کا پہلا طبی معائنہ واشنگٹن کے والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹرمیں کل ہوگا

جسمانی معائنہ دو گھنٹوں پر مشتمل ،خون اور پیشاب کے ٹیسٹ،دل کی دھڑکن چیک اورچند سوالات کیے جائیں گے،رپورٹ

جمعرات 11 جنوری 2018 13:25

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 11 جنوری 2018ء) امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کل(جمعہ کو )اپنا پہلا طبی معائنہ کروا کے ان قیاس آرائیوں کے خاتمے کی کوشش کریں گے کہ وہ ذہنی یا جسمانی طور پر صدارت کے لیے موزوں اور اہل نہیں ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطا بق ٹرمپ کا طبی معائنہ واشنگٹن ڈی سی میں واقع والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں جمعہ (12 جنوری) کو ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا معائنہ وہی ڈاکٹر کریں گے جنہوں نے اس سے قبل سابق صدر باراک اوباما کا معائنہ کیا تھا، جبکہ طبی معائنے کے نتائج کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔طبی ماہرین کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا جسمانی معائنہ 2 گھنٹوں پر مشتمل ہوگا، جس میں خون اور پیشاب کے ٹیسٹ کے ساتھ ساتھ دل کی دھڑکن کی جانچ کی جائے گی جبکہ امریکی صدر سے ان کی سونے کی عادات وغیرہ کے بارے میں بھی سوالات کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

تاہم اس طبی معائنے میں دماغی معائنہ شامل نہیں۔صدارتی ترجمان کا اس حوالے سے کہنا تھاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ذہین اور فوری فیصلہ ساز ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 6 دسمبر کو مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق اپنے خطاب میں ٹرمپ الفاظ کی درست ادائیگی نہیں کرسکے تھے اور تقریرکے اختتام پر انہوں نے یونائٹڈ اسٹیٹس کو ’یونائٹڈاشٹیٹس‘ کہہ دیا تھا۔

الفاظ کی نامناسب ادائیگی پر ٹرمپ کے ڈیمینشیا یا الزائمر میں مبتلا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ ٹرمپ اگلے برس طبی معائنہ کرائیں گے اور ثابت کریں گے کہ وہ صحت مند ہیں۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری سارا سینڈرز نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ اس حوالے سے بہت سے مضحکہ خیز سوالات کیے گئے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ صدر کا گلا خشک تھا، اس سے زیادہ کچھ نہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرمپ کا طبی معائنہ والٹر ریڈ (نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر) میں ہوگا اور اس کی رپورٹس ڈاکٹر جاری کریں گے۔

متعلقہ عنوان :