وزیر اعظم اور آرمی چیف کا اسپیشل سروسز ہیڈ کوارٹر چیراٹ کا دورہ ،ْ ایس ایس جی کمانڈوز نے اپنی مہارت کا عملی مظاہرہ پیش کیا

شاہد خاقان عباسی نے ایس ایس جی کمانڈوز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا ،ْیادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی مسلح افواج کی قربانیوں سے پاکستان میں امن کاقیام ممکن ہوسکا ہے ،ْ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گفتگو

جمعرات 11 جنوری 2018 18:34

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات 11 جنوری 2018ء)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسپیشل سروسز ہیڈکوارٹر چیراٹ کا دورہ کیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسپیشل سروسز (ایس ایس جی) ہیڈ کواٹرز کا دورہ کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان آرمی بالخصوص ایس ایس جی کمانڈوز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اوریادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران وزیراعظم کو ایس ایس جی آرگنائزیشن، صلاحیتوں اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ ایس ایس جی کمانڈوز نے اپنی مہارت کا عملی مظاہرہ بھی پیش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ایس ایس جی کے زیرِ استعمال کچھ ہتھیار چلانے کا تجربہ کیا۔ اور ایس ایس جی کمانڈوز کی بطور ایلیٹ فورس مہارت اور کارکردگی کی تعریف کی۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف ایس ایس جی کی شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کی قربانیوں سے پاکستان میں امن کاقیام ممکن ہوسکا ہے۔