متحدہ عرب امارات میں اچانک موسم تبدیل، شدید بارش ، ژالہ باری ، لینڈسلائیڈنگ کے بعد سیلابی صورتحال پیدا، عوام سے گھروں میں رہنے کی ہدایت

اتوار 17 دسمبر 2017 17:18

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 17 دسمبر 2017ء)متحدہ عرب امارات میں موسم نے اچانک کروٹ بدلی ہے اور شدید بارشوں کے بعد مختلف ریاستوں میں ژالہ باری، لینڈسلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ حکام نے عوام کو اس موقع پر گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں جن میں دبئی اور شارجہ سرفہرست ہیں صبح سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔

ریاست فجیرہ میں شدید بارش کے بعد سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فجیرہ کا علاقہ شدید بارش کے دوران سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔

 شارجہ کے قریب قلبہ روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا ہے لیکن خوش قسمتی سے کسی فرد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی۔

(جاری ہے)



ریاست العین میں شدید بارش اور ژالہ باری نے موسم سرد کر دیا ہے۔

راس الخیمہ میں شدید بارشوں اور برفباری کی بھی اطلاعات ہیں۔ دبئی اور دیگر ریاستوں میں شدید بارش جاری ہے جس کے بعد موسم سرد ہو گیا۔

 متحدہ عرب امارات میں موسم کی یہ صورتحال کل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ کل شام سے متحدہ عرب امارات اور قریبی علاقوں میں موسم صاف ہونے کی اُمید ہے۔