سینٹ کی ہول کمیٹی کا اہم اجلاس منگل کو ہوگا‘ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آرمی چیف شرکت کریں گے

آرمی چیف سینٹ کمیٹی کو سکیورٹی صورتحال ‘ بھارت ‘ افغانستان سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی امور پر بریفنگ دیں گے‘ آرمی چیف نئی امریکی پالیسی اور اس سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے بھی کمیٹی کو بریفنگ دینگے‘ سینٹ ہول کمیٹی علاقائی صورتحال اور امریکی کردار سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن تیار کرے گی‘ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے سینٹ میں آنے سے سول ملٹری تعلقات میں بہتری آئے گی‘ میں نے سب سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو پارلیمنٹ کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی جس کے جواب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپ باضابطہ طور پر مجھے دعوت دیں میں ضرور پارلیمنٹ آئوں گا سینٹ دفاع کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید کی آئی این پی سے گفتگو

اتوار 17 دسمبر 2017 15:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 17 دسمبر 2017ء) سینٹ کی ہول کمیٹی کا انتہائی اہم اجلاس (کل) منگل کو طلب کرلیا گیا‘ کمیٹی اجلاس میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آرمی چیف سینٹ کمیٹی کو سکیورٹی صورتحال ‘ بھارت ‘ افغانستان سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی امور پر بریفنگ دیں گے‘ آرمی چیف نئی امریکی پالیسی اور اس سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے بھی کمیٹی کو بریفنگ دینگے‘ سینٹ ہول کمیٹی علاقائی صورتحال اور امریکی کردار سے متعلق پالیسی گائیڈ لائن تیار کرے گی‘ سینٹ دفاع کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے سینٹ میں آنے سے سول ملٹری تعلقات میں بہتری آئے گی‘ میں نے سب سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو پارلیمنٹ کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی جس کے جواب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپ باضابطہ طور پر مجھے دعوت دیں میں ضرور پارلیمنٹ آئوں گا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سینٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس منگل کو صبح دس بجے چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا۔ اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آرمی چیف سینٹ میں آئیں گے اور پورے ایوان کی کمیٹی کے اجلاس میں ان کیمرہ بریفنگ دینگے۔

ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھارت‘ افغانستان اور ایران سے ملحقہ بارڈر پر سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے کمیٹی کو بریفنگ دینگے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی اجلاس میں آرمی چیف نئی امریکی پالیسی اور اس سے خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال کے حوالے سے بھی کمیٹی کو بریفنگ دینگے۔ ’’آئی ا ین پی‘‘ کی جانب سے رابطہ کرنے پر سینٹ کی دفاع کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ منگل کو سینٹ کی پورے ایوان کی کمیٹی میں شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کے اس اقدام سے سول ملٹری تعلقات بہتر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ اور قومی اسمبلی کی مشترکہ دفاعی کمیٹیوں نے جی ایچ کیو ‘ ایل او سی اور شمالی وزیرستان کا دورہ کیا تھا اس دوران بھی اعلیٰ فوجی حکام نے کمیٹیوں کو ملکی سکیورٹی اور سرحدی صورتحال پر بریفنگ دی تھی۔ مشاہد حسین سید نے کہا کہ جی ایچ کیو میں چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان کے موقع پر میں نے سب سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو پارلیمنٹ کا دورہ کرنے کی دعوت دی تھی جس کے جواب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ آپ باضابطہ طور پر مجھے دعوت دیں میں ضرور پارلیمنٹ آئوں گا۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کھلے دل کے آدمی ہیں اور کھلی بات کرتے ہیں۔ ان کے پارلیمنٹ میں آنے سے سول ملٹری تعلقات میں بہتری آئے گی۔