انتخابات کو کسی بھی قیمت پر تاخیر کا شکار نہیں ہونے دینگے ،حکومت مہنگائی کی نئی لہر کا کیا علاج کریگی ‘ قمر زمان کائرہ

حکومت نے ڈالر کو مصنوعی سہارا دے رکھا تھا ،طاہر القادری نے غیر آینی اقدام کیا تو ساتھ نہیں دیں گے ‘ صدر پی پی پنجاب

بدھ 13 دسمبر 2017 22:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 13 دسمبر 2017ء)پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ انتخابات کو کسی بھی قیمت پر تاخیر کا شکار نہیں ہونے دیں گے ،مثبت اعشاریوں کی نوید سنانے والوں کو خود دل کا عارضہ لاحق ہو گیا ہے ،حکومت نے ڈالر کو مصنوعی سہارا دے رکھا تھا ،حکومت مہنگائی کی نئی لہر کا کیا علاج کرے گی ،آصف زردای نے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کی تجویز دی تھی ،ڈاکٹر طاہر القادری نے اگر غیر آینی اقدام کیا تو پیپلزپارٹی ان کا ساتھ نہیں دے گی ،15دسمبر کو ملتان میں بڑا جلسہ کریں گے ،پنجاب میں مزید جلسے بھی ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ قمر زمان کائر ہ نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ مظالم کی تاریخ ہے ،امریکی صدر کے اقدام سے دنیا کا امن خراب ہوسکتا ہے ،امریکی صدر اپنا یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی 15دسمبر کو ملتان میں بڑا جلسہ کرے گی ،پنجاب میں مزید جلسے کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کسان دو تین سال سے سراپا احتجاج ہیں ،گنے کے کاشتکار اپنی فصل کو آگ لگا رہے ہیں ،ہم مل مافیا کی مذمت کرتے ہیں ،پنجاب حکومت کسانوں سے طے شدہ نرخ کے مطابق گنا خریدے ۔ انہوںنے کہا کہ مثبت اعشاریوں کی نوید سنانے والوں کو دل کا عارضہ لاحق ہو گیا ہے ،پاکستان کی کرنسی کی قدر مسلسل کم ہوئی ہے ،درآمدات اور برآمدات کا فرق بڑھتا جا رہا ہے ،حکومت نے ڈالر کو مصنوعی سہارا دے رکھا تھا،حکومت مہنگائی کی نئی لہر کا کیا علاج کرے گی ،آصف زردای نے ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کی تجویز دی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قرضے آسمان ہر پہنچ گئے ہیں ،روپے کی قدر میں کمی سے قرضوں کی مد میں 700ارب کا اضافہ ہوگا ۔ انہوںنے کہا کہ اورنج لائن کے فیصلے پر حکومت بغلیں بجا رہی ہے لیکن غریب کا کوئی پرسان حال نہیں۔ مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور ہر مستقل وزیر خزانہ لگائیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طاہر القادری سے ملنے پرمسلم لیگ (ن)والے ہم پر بھڑک رہے ہیں ،پیپلزپارٹی نے کوئی غیر جمہوری قدم نہیں اٹھایا ۔

سانحہ ماڈل ٹائون میں 100 لوگوں کو گولیاں ماری گئیں ،سوائے دھرنے کی مخالفت کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی تحریک کے ساتھ رہی ہے۔پیپلزپارٹی نے کیاکوئی غیر جمہوری مطالبہ کیا ہے ،ہمیں طعنے دیئے گئے کہ قادری سے ملنے سے پیپلزپارٹی ختم ہوجائے گی ،پیپلز پارٹی اپنا اچھا برا جانتی ہے ،طاہر القادری نے اگر غیر آینی اقدام کیا تو پیپلزپارٹی ان کا ساتھ نہیں دے گی ،ہم طاہر القادری کے ساتھ ہیں کسی کو درد ہوتا ہے تو ہو تا رہے۔ شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے استعفے کے عوامی تحریک کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف کو ملک کی سب سے بڑی عدالت ڈاکو قرار دے چکی ہے ۔ہم وزیر اعلی پنجاب کی رنگ رلیوں کے چرچے نہیں کرنا چاہتے ۔