وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اردن کے شاہ عبداللہ دوئم ابن الحسین کی ملاقات

امریکہ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے ،سفارتخانہ کو وہاں منتقل کرنے کے فیصلہ پر گہری تشویش کا اظہار

بدھ 13 دسمبر 2017 20:42

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 13 دسمبر 2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اردن کے شاہ عبدالله دوئم ابن الحسین نے امریکہ کی طرف سے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور سفارتخانہ کو یروشلم منتقل کرنے کے فیصلہ کے مضمرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے یہ بات بدھ کو او آئی سی کے غیر معمولی سربراہ اجلاس کے موقع پر ملاقات کے موقع پر کہی ۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فیصلہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل اور اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے منافی ہے، اس فیصلہ کو ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں نے بھی مسترد کر دیا ہے۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر بھی بات چیت کی۔ وزیراعظم نے شاہ عبدالله دوئم کو پاکستان کے دورہ کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، خارجہ سیکرٹری تہمینہ جنجوعہ اور ترکی میں پاکستان کے سفیر سائرس قاضی بھی ملاقات میں موجود تھے۔