ن لیگ کے 65 ایم این ایز ہمارے حکم پر اپنے استعفے پیش کریں گے،پیر خواجہ عطاء اللہ تونسوی کا دعوی

بدھ 6 دسمبر 2017 21:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 6 دسمبر 2017ء)مسلم لیگ(ن) کی حکومت کیلئے مصیبتوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے،ختم نبوت کے معاملے کو چھیڑ کر حکومت نے نہ صرف پوری قوم کو بے چین کر دیا بلکہ پاکستان جو کہ بڑی تیزی سے مذہبی جنونیت سے روشن خیالی کی طرف بڑھ رہا تھا ایک بار پھر پرتشدد مذہبی گروہوں کی آماجگاہ بن رہا ہے۔

فیض آباد دھرنے کے نتیجے میں ہونے والے ایک معاہدے نے مذہبی جتھوں کو نیا حوصلہ دیدیا ہے۔تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مختلف سطحوں پر مذہبی گروہ متحد ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔تین روز قبل متحدہ علماء ومشائخ کونسل نے خانقاہوں اور درگاہوں کے گدی نشینوں کا ہنگامی اجلاس بلا کر ایک نیا مذہبی پریشر گروپ بنانے کا اعلان کیا ہے اور حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ختم نبوت کے حلف نامہ اور قانون میں تبدیلی کرنے والے حکومتی ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرے جس کے لئے انہوں نے محض تین چار روز کی مہلت دی ہے،متحدہ علماء ومشائخ پاکستان کے صدر پیر خواجہ عطاء اللہ تونسوی نے اجلاس کے بعد بتایا کہ پیر حمید الدین سیالوی نے صرف ایک وزیر قانون پنجاب کا استعفیٰ مانگا ہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بلاتاخیر رانا ثناء اللہ کو عہدے سے فارغ کرے ورنہ ہم خانقاہوں اور درگاہوں کی سطح پر اپنے اپنے حلقہ اثر میں ارکان قومی وصوبائی اسمبلیوں سے استعفے دلوائیں گے۔

(جاری ہے)

ہمیں پورا یقین ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 65ایم این ایز ہمارے حکم پر اپنے استعفے پیش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر درگاہوں کے سجادہ نشین وگدی نشین میدان میں آگئے تو پورا ملک جام کردیں گے اورپھر صرف رانا ثناء اللہ کے استعفے کی بات نہیں ہوگی بلکہ پوری حکومت کا استعفی مانگا جائے گا۔خواجہ عطاء اللہ نے بتایا کہ ہم نے متفقہ فیصلے کے مطابق حکومت کو آگاہ کردیا ہے کہ اب کوئی مذاکرات نہیں ہونگے بلکہ حکومت ہمیں صرف یہ بتائے کہ اس نے ختم نبوت پر ڈاکہ مارنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دکھ ہے کہ حکومت مستعفی وزیر قانون زاہد حامد کو نشان عبرت بنانے کی بجائے اسے نوازنے کی کوشش کر رہی ہے اور اطلاع ہے کہ زاہد حامد کو کسی بڑے یورپی ملک میں سفیر مقرر کیا جا رہا ہے،ہمیں اس حکومت سے کسی اچھائی کی توقع نہیں ہے۔سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے ایشو میں بھی مسلم لیگ(ن) کی پنجاب حکومت نے قاتل پولیس افسران اور بیوروکریٹس کو انعامات سے نوازا،انہیں من پسند جگہوں پر تعینات کیا گیا۔خواجہ عطاء اللہ تونسوی نے کہا کہ پیر حمید الدین سیالوی اپنی بات پر قائم ہیں اور اب ملک بھر کی درگاہوں کی گدی نشین بھی ان کی پیشت پر ہیں،ہمیں ایک استعفیٰ نہ ملا تو ہم65ایم این ایز اور25ایم پی ایز کے استعفے داغیں گی۔