امریکہ کا بیت المقدس کو اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنے کا اعلان ،عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا

بدھ 6 دسمبر 2017 23:33

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 6 دسمبر 2017ء):امریکہ نے بیت المقدس کوبا ضابطہ اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کردیا ،امریکہ کے اس اشتعال انگیز قدم پر عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی دباؤ مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔

وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے سے متعلق فیصلے کو کافی مخالفت کا سامنا رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکا نے دو دہائیوں تک اس اقدام سے گریز کیا لیکن اسرائیل اور فلسطین کے درمیان پائیدار امن کے کوئی آثار نظر نہیں آئے لہٰذا اب میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا وقت آگیا ہے۔

اس اعلان کے بعد مسلم دنیا میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔تازہ ترین صورتحال کے مطابق اردن اور فلسطین کی درخواست پر عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس ہفتے کو طلب کر لیا گیا ہے جس میں امریکہ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارلحکومت بنائے جانے کے فیصلے پر غور کیا جائے گا اور مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔