سپریم کورٹ نے شرجیل میمن و دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا،سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی

بدھ 6 دسمبر 2017 19:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 6 دسمبر 2017ء) سپریم کورٹ نے سابق وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی ہے ۔عدالت نے انعام اکبر اور دیگر ملزمان کی جانب سے دائردرخواستوں پر بھی نیب کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ جب ایک کیس میں نیب کونوٹس جاری کئے گئے توباقی درخواستوں میں بھی نیب سے وضاحت طلب کرلیتے ہیں ۔

بدھ کو جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان اورجسٹس اعجازالاحسن پرمشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔شرجیل میمن کی جانب سے ان کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے ، عدالت کے استفسارپر انہوں نے بتایا کہ میرے موکل پرکوئی جرم ثابت نہیں ہوا لیکن اس کے باوجود انہیں ضمانت نہیں دی جارہی ہے کیونکہ سندھ میں ملزم سے بانڈ نہیں لیا جاتا، بلکہ اسے قید کر دیا جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ ہم نیب کونوٹس جاری کرکے وضاحت کیلئے طلب کرتے ہیں۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ کیس کے دوسرے ملزم انعام اکبر نے بھی عدالت میں درخواست دائرکررکھی ہے جس میں چیئرمین نیب کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے عدالت ان کی درخواست کابھی جائزہ لے، جسٹس اعجازافضل نے کہاکہ عدالت کی جانب سے نیب کو ایک کیس میں نوٹس ہو چکا ہے باقی درخواستوںمیں بھی اسے نوٹس جاری کر دیتے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست کی مزید سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔