ہماری ہائوسنگ سکیمیں بنیادی شہری سہولیات پر مبنی عالمی معیار اور جدت کا شاہکار ہونگی، وزیراعلیٰ پرویزخٹک

بدھ 22 نومبر 2017 22:26

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات نومبر ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے سرکاری ملازمین اور دیگر شہریوںکے رہائشی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے بینک ہوم فنانس کے ذریعے خپل کور ماڈل ہائوسنگ سکیم شروع کر دی ہے، اس سکیم کے تحت کم آمدنی والے ملازمین اور عام شہری بھی مناسب داموں اپنے مکان کے مالک بن سکیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں جلوزئی ہائوسنگ سکیم نوشہرہ میں سرکاری ملازمین کیلئے پلاٹوں کی قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی، سیکرٹری ہائوسنگ سید وقارالحسن، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیوظفر اقبال، ڈی جی ہائوسنگ سیف الرحمان عثمانی، بینک آف خیبر اور محکمہ ہائوسنگ کے دیگر حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اس ہائوسنگ سکیم میں پانچ مرلہ، سات مرلہ، دس مرلہ اور ایک کنال کے 8626 پلاٹ تیار کئے ہیں جن میں 3757 پلاٹ چار سال قبل بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کئے گئے تھے جبکہ دوسرے مرحلے میں 3793 پلاٹوں کی قرعہ اندازی کی گئی ہے جس کیلئے بینک آف خیبر کے ذریعی4553 درخواستیں جمع ہوئی تھیں حالیہ قرعہ اندازی کے تحت 23 فیصد کے حساب سے 674 پلاٹ سرکاری ملازمین، 77 فیصد کی شرح سے 2256 پلاٹ عام شہریوں جبکہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے 863 پلاٹ مختص کئے گئے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ ابتدائی طور پر جلوزئی، ملازئی، جرما اور ڈھیری زرداد میں بینک ہوم فنانس کے ذریعے پانچ مرلہ مکانات کی تعمیر شروع کی گئی ہے، پہلے مرحلے میں ایک لاکھ 20 ہزار سرکاری ملازمین اور 2 لاکھ عام خاندانوں کو رہائشی سہولت مہیا کی جا رہی ہے جس کی تخمینہ لاگت تین کھرب 76 ارب روپے ہے،یہ تمام فنانسنگ کمرشل بینک کریں گے اور20 سال کی آسان اقساط میں یہ رقم واپس ہو گی ۔

انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت نجی شعبے کے اشتراک سے پشاور ماڈل ٹائون اور سی پیک سٹی کے دو میگا ہائوسنگ سکیمیںبھی تیار کر رہی ہے جن پر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ تقریباً ساڑھے نو کھرب روپے ہے اور ان کا رقبہ حیات آباد سے پانچ چھ گنا زیادہے اس کے علاوہ ہر ضلع میںسیٹیلائٹ ٹائون قائم کئے جارہے ہیںجو منصوبہ بندی کے تحت بنائے گئے متبادل شہر ہوں گے اور جو تمام سہولیات سے آراستہ ہونگے انہوں نے کہا کہ صوبائی ہائوسنگ اتھارٹی نجی شعبے کے اشتراک سے کئی کمرشل مال اور اپارٹمنٹس کے ساتھ ساتھ ہنگو ٹائون شپ اور سوات ماڈل ٹائون کی تعمیر پر کام کر رہی ہے ان جامع اقدامات سے صوبے میں معاشی ترقی بھی ہوگی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس کے عوام کی زندگی پرمثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نظام کی تبدیلی کے ایجنڈے کے تحت ہم ایک ایسا نظام دینا چاہتے ہیں جس میں عوام کو خدمات کی فراہمی کا خود کار طریقہ موجود ہو ایک ایسانظام جس میں زندگی کی بنیادی سہولیات سب کو میسر ہوں میرٹ کی بالاد ستی ہو اور کسی سے ناانصافی نہ ہو ہماری منزل ایک متوازن معاشرے کی تشکیل ہے جس میں ہرفرد کو ایک کامیاب اور باعزت زندگی جینے کا حق حاصل ہو۔