دھرنا قائدین اورحکومت کے مابین مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پیرحسین الدین شاہ مذاکرات بے نتیجہ چھوڑکرجنوبی افریقہ روانہ

ایک ماہ تک قیام کریں گے

بدھ 22 نومبر 2017 23:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات نومبر ء)تحریک لبیک یارسول اللہؐاورحکومت کے مابین مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ پیرحسین الدین شاہ مذاکرات کوبے نتیجہ چھوڑکرجنوبی افریقہ روانہ ہوگئے ،پیرحسین الدین کاجنوبی افریقہ میں ایک ماہ کاقیام ہوگا۔باوثوق ذرائع کاکہناہے کہ وفاقی دارالحکومت میں جاری مذہبی جماعت تحریک لبیک یارسول اللہ اورحکومت کے مابین ہونے والے مذاکرات کی کمیٹی کے سر براہ پیرحسین الدین شاہ مذاکرات کوبے نتیجہ چھوڑکرگزشتہ شب گیارہ بجے کی پروازسے جنوبی افریقہ روانہ ہوگئے ،جہاں وہ ایک ماہ تک قیام کریں گے ۔

ذرائع کایہ بھی کہناہے کہ پیرحسین الدین شاہ نے حکومت اورتحریک لبیک کے مابین مذاکرات کی مسلسل ناکامی کے بعدمذاکراتی کمیٹی کاحصہ بننے سے انکارکردیاتھا۔

(جاری ہے)

انہوںنے دونوں فریقین پرواضح کردیاتھاکہ جب تک دونوں فریقین اپنی اپنی ضدپرقائم رہیں گے اورکسی طرح کی لچک کامظاہرہ نہیں کریں گے مذاکرات کامیاب نہیں ہوں گے ۔دونوں جانب کی ہٹ دھرمی کے بعداب مزیدبات چیت ہوناممکن نہیں ہے ،پیرحسین الدین شاہ نے اپنے آپ کواس کمیٹی سے الگ کرلیاتھا۔

دوسری جانب پیرحسین الدین شاہ کے ترجمان کے ایک بیان کے مطابق پیرحسین الدین شاہ نے کمیٹی کے ذریعے اپناکام مکمل کرکے حکومت کوبھیجوادیا،جس کے بعداب ان کامزیدکرداراب باقی نہیں اس لئے وہ بیرون ملک روانہ ہورہے ہیں ۔واضح رہے کہ تحریک لبیک یارسول اللہ نے ختم نبوت کے قانون میں تبدیلی کے حوالے سے وفاقی وزیرقانون زاہدحامدکے استعفے تک احتجاج جاری رکھنے کااعلان کررکھاہے جبکہ دوسری جانب حکومت وزیرقانون سے استعفیٰ لینے کوتیارنہیں ۔اس حوالے سے مظاہرین اورحکومت کے مابین مذاکرات کرنے کیلئے ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی ،جس کی سربراہی پیرحسین الدین شاہ کررہے تھے ،جوگزشتہ شب مذاکرات کوبے نتیجہ چھوڑکرجنوبی افریقہ روانہ ہوگئے ہیں

متعلقہ عنوان :