پاک فوج کے میجر اسحاق کلاچی ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید، نماز جنازہ میں آرمی چیف، اعلیٰ حکام کی شرکت

بدھ 22 نومبر 2017 14:14

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعرات نومبر ء) پاک فوج کے میجر اسحاق نے کلاچی ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کے کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گذشتہ روز کلاچی ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ٹھکانے پر دہشت گردوں کی موجودگی کے بعد سرچ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلہ میں میجر اسحاق شہید ہوگئے۔

28 سالہ شہید میجر کا تعلق خوشاب سے ہے۔

(جاری ہے)

شہید نے سوگواروں میں بیوہ اور ایک سالہ بچہ چھوڑا ہے۔ شہید کی نماز جنازہ ڈی آئی خان میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ دریں اثناء آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے شہید آفیسر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطن کے ایک اور بہادر سپوت نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کر دی ہے۔ سماجی میل جول کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کئے گئے اپنے ایک پیغام میں میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مادر وطن کا دفاع مقدس فریضہ ہے اور ہم مادر وطن کو دشمنوں سے بچانے کے لئے اس کا دفاع جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :