نیب میں سادگی کی نئی روایت؛ نیب چئیرمین چائے کا سامان بھی گھر سے لانے لگے

منگل 21 نومبر 2017 16:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ نومبر ء): جسٹس(ر)جاوید اقبال کی بطور نیب چئیرمین تقرری کے بعد نیب میں سادگی اور کفایت شعاری کی نئی روایات پنپنے لگیں،نیب کے چئیر مین چائے کا سامان بھی گھر سے لانے لگے۔تفصیلات کے مطابق چئیرمین نیب نے بطور نیب چئیرمین عہدہ سنبھالتے ہی نیب کے افسران سے ملاقاتوں میں ایمانداری ،محنت اور کفایت شعاری کا درس دیا اور خود بھی اس پر کاربند ہیں ۔

معروف صحافی سمیع ابراہیم نے ایک نجی ٹی وی چینل میں نیب کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ جسٹس (ر)جاوید اقبال کے چئیرمین کا عہدہ سنبھالتے ہی نیب میں کفایت شعاری کی روایات قدم جمانے لگی ہیں حتیٰ کہ چئیر مین نیب چائے کا سامان بھی اپنے گھر سے لاتے ہیں اور دفتر سے چائے بھی نہیں پیتے اور اسکی جھلک ماضی میں صرف قائد اعظم کے طور طریقے سے ملتی ہے۔

(جاری ہے)

سمیع ابراہیم نے مزید بتایا کہ چئیر مین نیب بہت شفاف طریقے سے کام کر رہے ہیں ۔جب اسحاق ڈار اور شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا معاملہ گرم تھا تو انکو بہت سی با اثر شخصیات کے فون آئے لیکن انہوں نے کوئی فون نہیں سنا۔ مزید یہ کہ وہ نیب کے تاخیر میں پڑے کیسسز کو جلد از جلد حل کرنے کے لیے بھی کوشاں ہیں۔