لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ ای او بی آئی کو بنک اور اس کے ملازمین سے اولڈ ایج بینیفٹ کی رقم وصول کرنے سے روک دیا

منگل 21 نومبر 2017 16:39

لاہور۔21 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ نومبر ء)لاہور ہائیکورٹ نے بنک اور اس کے ملازمین سے اولڈ ایج بینیفٹ کی رقم وصول کرنے سے روک دیا ہے،جسٹس عائشہ اے ملک نے نجی بنک کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے حکم امتناعی جاری کیا، عدالت نے محکمہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ اور وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ محکمہ ای او بی آئی بنک اور اس میں کام کرنے والے ملازمین سے اولڈ ایج بینیفٹ کی مد میں رقم وصول کر رہا ہے، بنک سے پانچ فیصد جبکہ ملازمین سے ایک فیصد کے حساب سے کٹوتی کی جا رہی ہے،سپریم کورٹ دوہزار سات میں بنک ملازمین سے اولڈ ایج بینیفٹ کی مد میں رقم وصول کرنے سے روک چکی ہے لہذا عدالت محکمہ ای او بی آئی کو بنک اور اس میں کام کرنے والے ملازمین سے اولڈ ایج بینیفٹ کی مد میں رقم وصول کرنے سے روکنے کا حکم دے۔