قومی اسمبلی کے اجلاس میں تحریک انصاف کے شاہ محمو د اور وزیر مملکت طلال چوہدری کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

یہ کسی مزار کی گدی نہیں جس پر آپ قبضہ کر کے بیٹھ جائیں ، طلال چوہدری ، میں صرف اپنی بات کرنا چاہتا ہوں حکومتی وزیر ماحول خراب نہ کریں اور بات سننے کا حوصلہ پیدا کریں، شاہ محمود قریشی کا جواب

منگل 21 نومبر 2017 21:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ نومبر ء)قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا ، سپیکر کی اجازت کے بغیر بولنے پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے شاہ محمود قریشی کو کہا کہ یہ کسی مزار کی گدی نہیں جس پر آپ قبضہ کر کے بیٹھ جائیں جس پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں صرف اپنی بات کرنا چاہتا ہوں حکومتی وزیر ماحول خراب نہ کریں اور بات سننے کا حوصلہ پیدا کریں ۔

منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات ترمیمی بل 2017پر بات کرنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے فلور مانگا جس پر سپیکر نے ان کو کہا آپ بل پیش کرنے والے محرکین میں شامل نہیں ہیں اس لئے رولز کے تحت بل پر بات نہیں کر سکتے جس پر شاہ محمود قریشی نے بات کر نے کیلئے اصرار اور سپیکر قومی اسمبلی نے ان کو بات کرنے کی اجازت دے دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حکومتی بنچوں کی طرف سے شاہ محمود قریشی کو بات کرنے کی اجازت دینے پر اعتراض کیا گیا جس پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومتی ارکان بات سننے کا حوصلہ پیدا کریں ۔طلال چوہدری نے ان کو جواب دیا کہ یہ دربار کی گدی نہیں ہے کہ آپ اس پر قبضہ کر لیں ،آپ کے بھائی بھی کہتے ہیں کہ انہوں نے دربار کی گدی پر قبضہ کیا ہوا ہے۔