قومی اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضری کا خدشہ

ن لیگ کے تمام اراکین اسمبلی کو وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں شرکت کا حکم دے دیا گیا

پیر 20 نومبر 2017 22:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل نومبر ء) ن لیگ کے تمام اراکین اسمبلی کو وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں شرکت کا حکم دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اہم اجلاس کل بروز منگل کو ہوگا۔ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نااہل شخص کو سیاسی جماعت کی صدارت سے ہٹانے کا بل پیش کیا جائے گا۔

اس بل کو ناکام بنانے کیلئے حکومت کیلئے لازم ہے کہ اس کے تمام اراکین اسمبلی پارلیمنٹ میں موجود ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم اطلاعات ہیں کہ پارٹی قیادت سے ناراض کئی اراکین اسمبلی کل کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔ دوسری جانب نواز شریف نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ اس بل کو کسی صورت منظور نہ ہونے دیا جائے۔ اب اس تمام صورتحال میں کل قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت ن لیگ کا پارلیمانی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کے اجلاس سے غیر حاضری کے خدشے کے باعث ن لیگ کے تمام اراکین اسمبلی کو وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں شرکت کا حکم دیا گیا ہے۔ پارلیمانی اجلاس قومی اسمبلی کے احاطے میں ہی ہوگا۔