وزارت داخلہ کی اسلام آبادانتظامیہ کودھرنے کے خلاف آپریشن 24گھنٹے کیلئے موخر کرنے کی ہدایت

ہفتہ 18 نومبر 2017 13:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار نومبر ء)وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کو آپریشن 24گھنٹے کیلئے موخر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔وزیرداخلہ احسن اقبال کی مظاہرین سے مذاکرات کے ذریعے دھرنا ختم کرانے کی آخری کوشش جاری ہے۔انہوں نے انتظامیہ کو آپریشن 24 گھنٹے کیلئے موخر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مذہبی راہنماﺅں اور مشائخ کرام سے دھرنا ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔

دوسری جانب فیض آباد میں دھرنا ختم کرنے کی عدالتی ڈیڈلائن ختم ہونے کی وجہ سے ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، پولیس اور ایف سی کے تازہ دم دستے فیض آباد پہنچ گئے،جنہیں آنسو گیس شیل فراہم کردیئے گئے ہیں جبکہ بکتر بند اور قیدیوں کو لے جانے والی گاڑیاں بھی دھرنے کے مقام پرپہنچادی گئیں۔

(جاری ہے)

دھرنے کے شرکاءکیخلاف ممکنہ آپریشن کے پیش نظرسرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور ایمبولینسز بھی پہنچا دی گئیں جبکہ ڈاکٹرز، نرسزاور پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے فیض آباد انٹرچینج پر دھرنا دینے والوں کو دی گئی کل رات 10 بجے تک کی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی لیکن مذہبی و سیاسی جماعت کا دھرنا تاحال جاری ہے جبکہ وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دھرنا دینے والوں کو مزید وقت دیا جائے گا، تاکہ معاملے کو افہام تفہیم سے حل کیا جاسکے۔انتظامیہ نے جڑواں شہروں کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ فیض آباد اور سیکٹر آئی ایٹ کے مکینوں کو غیر ضروری گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مری روڈ پر دکانداروں کو بھی آج دکانیں نہ کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ممکنہ آپریشن کے لیے پولیس کے علاوہ ایف سی اور رینجرز کے دستے بھی الرٹ ہیں، پولیس، ایف سی اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے 5ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :