پیمرا کا بول نیوز کو پاکستانی پاسپورٹ سے متعلق ہتک آمیز تبصرے پر ایک ہفتے تک معذرت نشر کرنے کا حکم

جمعہ 17 نومبر 2017 19:39

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ نومبر ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے نجی ٹی وی چینل لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ(بول نیوز) پر 5ستمبر 2017کو اینکر حمزہ علی عباسی کے پروگرام ’ایچ کیو ڈبیٹ‘میں پاکستانی پاسپورٹ سے متعلق ہتک آمیز تبصرے پر ٹی وی چینل کوناظرین سے ایک ہفتے کی مدت تک اُسی انداز اور انہی اوقات میں معذرت نشر کرنے کا حکم دیا ہے ۔

مذکورہ تبصرے سے لاکھوں ملکی و بیرونِ ملک بسنے والے پاکستانیوں کا دل دکھانے پر چینل کو ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

جرمانہ کی رقم تین ہفتوں میں ادا کرنا ہوگی ۔ ریگولیٹر نے چینل انتظامیہ کو معذرت پر مبنی تحریر بھی فراہم کی ہے جو ذیل میں درج ہی: 5ستمبر 2017کو پروگرام ’HQ Debate‘میں میزبان حمزہ علی عباسی نے پاکستانی پاسپورٹ کا نام لے کر غیر ذمہ دارانہ تبصرہ کیا جس سے دنیا بھر میں رہنے والے پاکستانیوں کے احساسات مجروح ہوئے ہیں۔

اس پر پیمرا نے ہمیں معافی نشر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ چینل انتظامیہ غیر ذمہ دارانہ الفاظ کے نشر ہونے پر تمام پاکستانیوں اور ناظرین سے معذرت خواہ ہے۔عدم پیروی کی صورت میں پیمرا آرڈیننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007) کی سیکشن 30کے تحت کاروائی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :