بے نظیر بھٹو قتل کیس: ضمانت منسوخی سے متعلق درخواست پر ملزم سعود عزیز اورخرم شہزاد اور دیگر فریقین کو نوٹسز جاری

انسداد دہشت گردی عدالت نے دونوں پولیس افسران کو 17،17سال سزا کا حکم دیا تھا

جمعرات 16 نومبر 2017 19:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ نومبر ء) سپریم کورٹ نے بے نظیر بھٹو قتل کیس میںسزا یافتہ ملزمان کی ضمانت منسوخی سے متعلق درخواست پر ملزم سعود عزیز اورخرم شہزاد اور دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں ۔ سانحہ لیاقت باغ میں شہید ہونے والے پیپلزپارٹی کے کارکن کی بیوہ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت جسٹس اعجازافضل کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ، درخواست گزار کی جانب سے سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ملزم سعود عزیز اور خرم شہزاد کی ضمانت سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے ،ملزمان کو ضمانت ملنے کے بعد ایک ملزم کو ایس ایس پی اسپیشل برانچ لگادیا گیا ہے ،اس پر جسٹس اعجازافضل نے کہا کہ فریقین کو نوٹس جاری کرر ہے ہیں ، عدالت عظمیٰ نے سابق سی پی ا و روالپنڈی سعود عزیزاور ایس ایس پی سپیشل برانچ خرم شہزاد سمیت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

یا د رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بینظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے دونوں پولیس افسران کو 17،17سال کی سزا کا حکم دیا تھا ، تاہم ملزمان کی جانب سے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا تھا جس پر لاہور ہائی کورٹ نے دونوں ملزمان کو ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا جس کیخلاف سانحہ لیاقت باغ میں شہید ہونے والے پیپلزپارٹی کے ایک کارکن کی اہلیہ نے درخواست دائر کررکھی ہے ۔

متعلقہ عنوان :