اسلام آباد، بل گیٹس کی وفاقی وزیر قومی صحت سے ابوظہبی میں ملاقات

بل گیٹس فائونڈیشن اور حکومت پاکستان کے باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی کوششوں کو سراہا

جمعرات 16 نومبر 2017 20:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ جمعہ نومبر ء)بل ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے گذشتہ روز وفاقی وزیر قومی صحت سے ابوظہبی میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بل گیٹس فائونڈیشن اور حکومت پاکستان کے باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر بل گیٹس نے خصوصی طور پر پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان کی اعلی ترین قیادت اس مرض کے خاتمے کے لیے بھر پور کائوشیں کر رہی ہے انہوں نے پولیو کی صورت حال بہتر بنانے کے حوالے سے اور صحت کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کرنے پر وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر بل گیٹس نے کہا کہ پولیو کے علاوہ ہم صحت کے صحت میں جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے ماں اور بچے کی صحت کے شعبے میں تعاون کی پیش کش کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ وزارت قومی صحت اور بل گیٹس فائونڈیشن میں باہم اشتراک کو عملی شکل دینے کے لیے دونوں طرف سے فوکل پرسن نامزد کئے جائیں۔ اس سلسلے میں بل گیٹس کی طرف سے ڈاکٹر حسن جبکہ وزارت صحت پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر اسد حفیظ نامزد کئے گئے۔ وزیر قومی صحت نے بل گیٹس کو بتایا کہ پولیو کے حوالے سے پر سطح پر مانیٹرنگ کا مربوط نظام موجود ہے اور ان علاقوں میں جہاں پولیو وائرس گردش کر رہا ہے ان پر خصوصی توجہ دی جار ہی ہے۔

انہوں نے کہا وزیر اعظم کی سربراہی میں اگست میں منعقدہ اجلاس میں پولیو کے خاتمے کو ترجیحاتی قومی ایجنڈقرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں اس سلسلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہیں ۔ پولیو ورکر اس مہم میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک فوج کے تعاون سے ایک محفوظ انداز میں پولیو کی مہم چلائی جارہی ہے ۔ وزیر قومی صحت نے اس امر پر زور دیا کہ پولیو کے خاتمے پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہیں لہذا کسی بھی تبدیلی کی صورت میں پروگرام اپنا کام جاری رہے گی۔