عام انتخابات سے قبل پاکستان واپس آجاؤں گا، ملک کو اس وقت تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے، پرویز مشرف

پاکستان لوٹنے والوں ، چوروں اور لٹیروں کو ملکی سیاست سے نکال دیں گے ،عام انتخابات میں عوام کی طاقت سے ملک میں ایماندار قیادت آئے گی،ضلع وسطی میں جلسے کے علاوہ کراچی کے تمام علاقوں میں جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا ، پاکستان کا مستقبل روشن ہے، اے پی ایم ایل میں ایم کیو ایم ، پی ایس پی ، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے سے شامل ہونے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،کراچی میں ہم سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا ہے، لیاقت آباد میں ضلع وسطی کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب

اتوار 22 اکتوبر 2017 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ پیر اکتوبر ء) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر مملکت جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ میں عام انتخابات سے قبل پاکستان واپس آجاؤں گا ۔ ملک کو اس وقت تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے ۔ ہم پاکستان لوٹنے والوں ، چوروں اور لٹیروں کو ملکی سیاست سے نکال دیں گے اور عام انتخابات میں عوام کی طاقت سے ملک میں ایماندار قیادت آئے گی ۔

ضلع وسطی میں جلسے کے علاوہ کراچی کے تمام علاقوں میں جلسوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ پاکستان کا مستقبل روشن ہے ۔ آج کراچی میں ہم سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ اے پی ایم ایل میں ایم کیو ایم ، پی ایس پی ، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے سے شامل ہونے کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو اے پی ایم ایل سندھ ساؤتھ ریجن کے تحت زینت اسکوائر ایف سی ایریا لیاقت آباد میں پارٹی کے ضلع وسطی کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر ایم کیو ایم ، پی ایس پی ، پیپلز پارٹی ، پی ٹی آئی ، مسلم لیگ (فنکشنل) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے 1 ہزاد سے زائد کارکنوں نے میں اے پی ایم ایل میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اے پی ایم ایل ساؤتھ ریجن کے صدر احمد حسین نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے دفتر کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر اسلم مینائی ، عمران صدیقی ، محمد علی شیروانی ، سید سرفراز علی ، آصف خان ، طاہر خان ، سلمی وحید مراد ، نجمی مینائی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

پرویز مشرف نے کہا کہ آج مجھے بڑی خوشی ہوئی ہے کہ ضلع وسطی میں اے پی ایم ایل کا دفتر کھلا ہے ۔ آج اے پی ایم ایل کا لیاقت آباد میں عوامی اجتماع منعقد ہوا ہے ۔ یہ علاقہ ماضی میں ایم کیو ایم کا ہوا کرتا تھا ۔ آج کے عوامی اجتماع میں اے پی ایم ایل میں ایم کیو ایم ، پیپلز پارٹی ، پاک سرزمین پارٹی ، مسلم لیگ (فنکشنل) ، پنجابی پختون اتحاد پارٹی اور دیگر جماعتوں سے سیکڑوں کارکنان شامل ہوئے ہیں ۔

ہماری جماعت صرف مہاجروں کی جماعت نہیں ہے ۔ ہماری پارٹی میں سندھی ، پٹھان ، پنجابی ، پختون ، بلوچ سمیت تمام مذاہب اور قوموں کے لوگ شامل ہیں ۔ ہماری پارٹی ایک صوبے تک محدود نہیں بلکہ ایک قومی جماعت ہے ۔ آج ہم نے ضلع وسطی میں سیاسی سفر کا آغاز کیا ہے ۔ میں ملک سے باہر ہوں لیکن جلد آپ کے درمیان ہوں گا ۔ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ ضلع وسطی کے علاقے ناظم آباد بلاک نمبر 3 میں دارالسلام بلڈنگ میں کئی سال تک مقیم رہا ہوں ۔

میں نے اپنا بچپن وہاں گزارا ہے ۔ میں جلد آپ کے درمیان آؤں گا اور میری واپسی پر کراچی میں ایک بڑا جلسہ منعقد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت میں تمام مذاہب اور قومیتوں کو نمائندگی دی جا رہی ہے ۔ آج پاکستان کی صورت حال بہتر نہیں ہے ۔ ہمیں مل کر حالات کا مقابلہ کرنا ہو گا ۔ پرویز مشرف نے آج ملک کو تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے ۔

یہ سیاسی قوت صوبائی اور قومی سطح پر بنائی جائے گی ۔ ہم نے پیش قدمی کا آغاز کر دیا ہے ۔ ہماری پارٹی کا مستقبل روشن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان لوٹنے والوں ، جھوٹوں اور کرپٹ لوگوں کو نکال دیں گے ۔ اے پی ایم ایل آئندہ الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی ۔ ہم لوگوں کے ووٹوں سے کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی کہ کراچی کے تمام اضلاع میں پارٹی دفاتر قائم کیے جائیں اور اے پی ایم ایل میں لوگوں کو شامل کیا جائے ۔

انہوں نے ہمارا نعرہ سب سے پہلے پاکستان ہونا چاہئے ۔ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو قدم بڑھاؤ ، میں آپ کے ساتھ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میں آئندہ الیکشن سے قبل آپ کے درمیان ہوں گا اور ہم مل کر انتخابی مہم چلائیں گے اور عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کا مسقبل روشن ہے اور ملک کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے ۔

عوام ہمیں آئندہ انتخابات میں کامیاب کرائیں ۔ انہوں نے ضلع وسطی میں کامیاب جلسہ کے انعقاد پر اے پی ایم ایل ساؤتھ ریجن کے صدر احمد حسین ، جنرل سیکرٹری اسلم مینائی ، ضلع وسطی کے صدر سید سرفراز علی ، جنرل سیکرٹری آصف خان اور چیف آرگنائزر ضلع وسطی طاہر خان کو مبارکباد دی جبکہ انہوں نے اپنے پرانے ساتھی محمد علی شیروانی کو بھی مبارک باد دی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے پی ایم ایل ساؤتھ ریجن کے صدر احمد حسین نے کہا کہ ضلع وسطی میں آج اے پی ایم ایل کے ڈسٹرکٹ آفس کا افتتاح ہو گیا ہے ۔ جلد ضلع وسطی میں جلسہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جلد بڑے عوامی جلسے کا انعقاد کیا جائے گا ۔