محمد نواز شریف نے سی پیک کے لئے شنگھائی تعاون کونسل میں اپنا کردار ادا کیا،

1500 کلو میٹر سڑکیں بن چکی ہے، سوا چار سالوں میں ملک کے حالات کو تبدیل کیا، پاکستان کے عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد الله خان کا سینیٹ میں بحث کے دوران اظہار خیال

منگل 10 اکتوبر 2017 21:48

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ اکتوبر ء)وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد الله خان نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف نے سی پیک کو اس خطے میں لانے کے لئے شنگھائی تعاون کونسل میں اپنا کردار ادا کیا، 1500 کلو میٹر سی پیک کی سڑکیں بن چکی ہے، نواز شریف نے سوا چار سالوں میں ملک کے حالات کو تبدیل کیا، پاکستان کے عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی۔

منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت مختلف موضوعات پر تحاریک پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر مشاہد الله خان نے کہا کہ آپ آج کی حکومت کا ماضی کی حکومتوں سے مقابلہ کر کے دیکھ لیں ہر لحاظ سے بہتر حکومت ہے۔ سی پیک کے حق میں سب سے توانا آواز محمد نواز شریف کی تھی جنہوں نے سی پیک کو اس خطے میں لانے کے لئے شنگھائی تعاون کونسل میں اپنا کردار ادا کیا، انہوں نے پاکستان کو تیزی کے ساتھ آگے بڑھایا، دہشت گردوں کی کمر توڑ دی، 1500 کلو میٹر سی پیک کی سڑکیں بن چکی ہیں لیکن کچھ لوگوں کو تکلیف ہے کہ یہ کام کیوں ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایک بین الاقوامی سازش ہے اور اس کے سارے ایجنٹ پاکستان میں ہیں، 1962ء میں ایوب خان نے جو قانون نافذ کیا اسے بھٹو صاحب نے 1975ء میں ختم کیا۔ بھٹو اور نواز شریف میں کوئی فرق نہیں ہے، نواز شریف کو اس بات کی سزا دی جا رہی ہے کہ انہوں نے سوا چار سالوں میں ملک کے حالات کو تبدیل کیا، پاکستان کے عوام جو اندھیروں میں بیٹھے ہوئے تھے، انہیں لوڈ شیڈنگ سے نجات دلائی۔ پانامہ کا کوئی کیس نہیں تھا، پانامہ میں جن کی آف شور کمپنیاں ہیں وہ سب یہاں موجود ہیں لیکن ان کے خلاف کچھ نہیں ہوا۔